بلھے شاہ عرس، بھارتی وفد کی آمد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوفی بزرگ اور پنجابی شاعر بابا بلھے شاہ کا دو سو سینتالیسواں عرس جمعرات سے قصور میں شروع ہو رہا ہے جو تین دن جاری رہے گا۔ اور اس بار اس میں شرکت کے لیے ہندوستانی سیاستدانوں، دانشوروں اور امن کے کارکنوں کا ایک بڑا وفد آج سہ پہر واہگہ کے راستے لاہور پہنچ رہا ہے۔ یہ سب لوگ پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور کی دعوت پر آرہے ہیں تاہم مختلف غیر سرکاری تنظیمیں ان کی میزبانی کررہی ہیں۔ انسانی حقوق کی تنطیم جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے عوامی حقوق کی رہنما شاہ تاج قزلباش نے بتایا کہ ہندوستان سے میلہ میں شرکت کے لیے چوراسی لوگ آرہے ہیں۔ دلی کی وزیراعلیٰ شیلا ڈکشٹ بھی وفد میں شامل ہوسکتی ہیں کیونکہ ان کو پنجاب کے وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے خود مدعو کیا ہے اور ابھی تک ان کی اطلاع یہی ہے کہ وہ آئیں گی۔ وفد میں ہندوستانی پارلیمینٹ کی رکن نرملا دیش پانڈے بھی شامل ہیں جو ہندوستان اور پاکتسان کے درمیان امن کے عمل کو آگے بڑھانے میں خاصی سرگرم رہی ہیں۔ شاہ تاج نے کہا شام چھے بجے ان کی تنظیم ان مہمانوں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ مقامی ہوٹل میں دے گی جہاں امن کے موضوع پر ایک اسٹیج ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||