عبدالحئی کاکڑ بی بی سی اردوڈاٹ کام، پشاور |  |
 | | | وکلاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ’گو مشرف گو‘ اور دوسرے نعرے درج تھے |
پشاور کے وکلاء نے چیف جسٹس افتخار چودھری کی بحالی کی خوشی میں پیر کو ایک ریلی نکالی جس میں جمہوریت اور انیس سو تہتر کے آئین کی مکمل بحالی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ بار اور پشاور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عبدالطیف آفریدی اور قاضی انور ایڈوکیٹ کی قیادت میں نکالی گئی ریلی میں دو سو سے زیادہ وکلاء نے شرکت کی جنہوں نے ہائی کورٹ سے ھشنغرئی تک مارچ کیا۔ اس موقع پر وکلاء پرجوش انداز میں ڈھول کی تھاپ پر خٹک رقص بھی کرتے رہے۔ ریلی میں تقریباً پچاس کے قریب گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ وکلاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر ’گو مشرف گو‘ اور ’عدلیہ کی مکمل آزادی تک جنگ جاری رہے گی‘ جیسے نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے چئرمین عبدالطیف آفریدی نے کہا کہ وکلاء کی تحریک صرف چیف جسٹس افتخار چودھری کی بحالی تک محدود نہیں تھی بلکہ اب ملک میں جمہوریت، تہتر کے آئین کی مکمل بحالی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے وکلاء پر زور دیا کہ وہ اپنے صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں کیونکہ وکلاء کی تحریک کو کئی اور مشکل مراحل سے بھی گزرنا ہوگا۔ |