صحافیوں کی سپریم کورٹ میں طلبی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی آئینی درخواست کی سماعت کرنے والے تیرہ رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کے مزید چار ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ صحافی کو عدالت میں طلب کر لیا جس نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ منگل کے روز عدالت کی کارروائی شروع ہوتے ہی تیرہ رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے کہا کہ وہ ججوں کے بارے میں چھپنے والی ایک خبر کے بارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جج صاحبان نے کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں سے ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے بعد اپنے رجسٹرار کو حکم جاری کیا کہ وہ متعلقہ صحافی صالح ظافر کو ساڑھے گیارہ بجے عدالت کےسامنے پیش کریں۔ عدالت نے صحافیوں کی تنظیم راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر کو بھی عدالت میں طلب کیا۔ ساڑھے گیارہ بجے جب عدالت کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو صحافی صالح ظافر عدالت کے سامنے موجود تھے۔ عدالت کے پوچھنے پر صالح ظافر نے کہا کہ انہوں نے اپنے ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر خبر شائع کی تھی۔ عدالت کے استفسار پرکہ آیا انہوں نے اپنے طور ان حقائق کو پرکھنے یا تصدیق کرنے کی کوشش کی تو صحافی کوئی جواب نہ دے سکے۔ صالح ظافر نے عدالت سے غیر مشروط پر معافی کی درخواست کی تو عدالت نے انہیں کہا کہ اگر وہ معافی کے لیے تحریری درخواست دائر کریں تو عدالت اس پر غور کرئے گی۔ صحافی نے کمرہ عدالت میں بیٹھ کر معافی نامہ تحریر کر کے عدالت کے سامنے پیش کر دیا اور عدالت کو بارہا یقین دہانی کرانے کی کوشش کی کہ وہ آئندہ بہت احتیاط سے رپورٹنگ کریں گے۔ عدالت نے صحافی کو حکم جاری کیا کہ اپنے اخبار میں نمایاں طور پر اپنی معافی شائع کریں گے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں کمرہ عدالت میں موجود صحافیوں کی ججوں سے متعلق کارروائی کی بعض تفصیلات شائع کرنے سے منع کر د یا اور کہا کہ صحافی عدالت کے سامنے چیف جسٹس کی آئینی درخواست سے متعلق عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ تک محدود رکھیں۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ نے عدالت کے استفسار پر کہا کہ ان کی تنظیم اپنے ممبران کے خلاف شکایت موصول ہونے پر کارروائی کرتی ہے اور وہ شاید اس معاملے میں اپنے ممبر صالح ظافر کے خلاف کوئی کارروائی کرے۔ | اسی بارے میں آئینی پٹیشن، باقاعدہ سماعت شروع11 June, 2007 | پاکستان چیف جسٹس کے خلاف نیا ریفرنس10 June, 2007 | پاکستان لاپتہ پٹیشنر زخمی حالت میں واپس09 June, 2007 | پاکستان لنچ سے آزادی متاثر نہیں ہوتی: جج08 June, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||