کرم ایجنسی: تحریری معاہدہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں حکام کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر مقامی عمائدین کے ایک جرگہ میں سرحد کے دونوں جانب پائیدار امن کے قیام کے لیے تحریری معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ جرگہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ کوئی بھی فریق اس متنازعہ مورچے کو استعمال نہیں کرے گا جو افغانستان نے پاکستانی حدود میں قائم کیا تھا۔ جبکہ پاکستان نے قبضہ میں لئے گئے دو مورچے خالی کرکے افغان حکام کے حوالے کردیِئے گئے۔ کرم ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ صاحبزادہ محمد انیس نے جمعرات کو پاک افغان سرحدی علاقے تری مینگل سے بی بی سی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ جرگہ ارکان کی پانچ روزہ کوششوں کے بعد دونوں ممالک کے مقامی مشران نے ایک تحریری امن معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت سرحد کے دونوں جانب گاڑیوں کی آمدورفت بھی بحال کردی گئی ہے۔ چند روز قبل کرم ایجنسی میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز کے مابین سرحدی حدود کے تنازعہ پر فائرنگ میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم بعد میں اتحادی افواج کی مداخلت پر لڑائی غیر اعلانیہ طورپر روک دی گئی تھی۔ صاحبزادہ محمد انیس نے بتایا کہ چودہ اراکین پر مشتمل اس قبائلی جرگہ کو دونوں ممالک کی حکومتوں کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحد پر دونوں طرف کے مسائل مقامی جرگوں کے ذریعے سے حل کرائے جاتے ہیں جبکہ پاکستان، افغانستان اور اتحادی افواج کے مابین ایک سہ فریقی کمیشن بھی قائم ہے جس میں سرحدی امور پر بات چیت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد سرحد کے دونوں طرف مستقل امن قائم ہوگیا ہے۔ ادھر پاکستان کی طرف سے اس جرگہ کی سربراہی کرنے والے سابق ممبر قومی اسمبلی حاجی زرین مینگل نے بی بی سی کو بتایا کہ لڑائی کے دوران پاکستان نے افغانستان کے دو مورچوں پر قبضہ کرلیا تھا جو جرگہ کے فیصلے کے مطابق واپس کردیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑائی کی وجہ سے سڑکیں بھی بند تھیں اور دونوں جانب لوگ بھی پھنسے ہوئے تھے تاہم معاہدے پر دستخط کے بعد سڑکوں پر آمدروفت بحال ہوگئی ہے اور لوگوں کا آنا جانا بھی شروع ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اورافغانستان کے مابین چودہ سو کلومیٹر کی اس طویل سرحد پر، جو ڈیورنڈ لائن کہلاتی ہے، تنازعات شروع سے چلے آ رہے ہیں۔ افغان حکومت ڈیورنڈ لائن کو مستقل سرحد تسلیم نہیں کرتی ہے۔ | اسی بارے میں پاک افغان سرحد پر جھڑپیں، ہلاکتیں17 May, 2007 | پاکستان امریکی،پاکستانی فوجی ہلاک14 May, 2007 | پاکستان پاک افغان سرحدی جھڑپ، متعددہلاک13 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||