ڈیرہ اسمعیل خان: تین افراد ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فرقہ وارانہ تشدد کے ایک واقعہ میں صوبۂ سرحد کے جنوبی شہر ڈیرہ اسمعیل خان میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح آٹھ بجے شہر سے تقریباً پندرہ کلومیٹر دور کوتی گاؤں کے قریب میانخیل روڈ پر اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے گاڑی میں سوار سید علی شاہ، نجف علی شاہ اور ان کے مزدور عزیز اللہ موقع پر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کوبتایا کہ واقعہ کے بعد شہر اور اطراف کے علاقوں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے اضافی دستے تعینات کردیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ڈیرہ شہر میں فرقہ وارنہ تشدد کے ایک واقعہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ڈیرہ اسمعیل خان کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح ہونے والے اس واقعہ میں فرقہ واریت کے عنصر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہلاک شدگان کے لواحقین نے ایف آئی آر میں اسے فرقہ واریت کا واقعہ قرار دیا ہے۔ تاہم ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہورہی ہیں اور حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ادھر واقعہ کے فوری بعد ڈیرہ شہر مکمل طور پر بند ہوگیا تاہم بعد میں پولیس کی مداخلت پر بازار دوبارہ کھول دیے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہر میں حالات بدستور کشیدہ ہے اور پولیس کی بھاری نفری تمام اہم جگہوں پر تعینات کردی گئی ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز اہلکار بازاروں اور اطراف کے علاقوں میں گشت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک مقامی صحافی سعید اللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں بھائی ہیں جن کے تیسرے بھائی کو چند دن قبل ایک کالعدم تنظیم کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ شہر میں اس سے قبل ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کی دو تین وار داتوں میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں ہلاک شدگان کے عزیزوں اور رشتہ داروں کو بحثیت ملزمان نامزد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بدھ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے دو افراد ممتاز قانون دان ظفر عباس زیدی کے بھائی بتائے جاتے ہیں۔ | اسی بارے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں حالات کشیدہ15 February, 2007 | پاکستان ڈیرہ آئی خان میں خود کش حملہ29 January, 2007 | پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان میں فرقہ وارانہ تناؤ10 March, 2007 | پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان: شیعہ تاجر ہلاک09 March, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||