BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 09 April, 2007, 06:36 GMT 11:36 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
فریقین پر فوج کی گولہ باری

راکٹ لانچر
سڑکیں بندہونے کی وجہ سے زخمیوں کو پشاورمنتقل کرنے میں دقت کا سامنا ہے
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ فوج نے علاقے میں جاری لڑائی روکنے کےلیے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے فریقین کے مورچوں پر توپ کے گولے فائر کئے ہیں جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹروں کو بھی تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

صدر مقام پارہ چنار سے ملنے والی تازہ ترین اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے منگل کو چار بجے تک فریقین کو مہلت دی تھی کہ وہ لڑائی بند کرکے مورچے خالی کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ مہلت کے باوجود پارہ چنار اور صدہ سب ڈویژن کے علاقوں میں جھڑپیں جاری رہیں جس کے بعد پانچ بجے کے قریب فوجی دستوں نے جنگ روکنے کےلیے کارروائی کرتے ہوئے فریقین کے مورچوں پر توپ کے گولے داغے جبکہ اس دوران گن شپ ہیلی کاپٹر بھی فضا میں گشت کرتے رہے۔

تاہم لڑائی وسیع علاقے میں پھیلنے کے باعث ابھی صورتحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔

پارہ چنار میں ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ فضا میں گن شپ ہیلی کاپٹرز نظر آرہے تھے جبکہ قریبی علاقوں سے وقفے وقفے سے بھاری گولوں کی فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھی۔

کرم ایجنسی سے سینیٹ کے رکن سینٹیر انجنئیر رشید احمد خان نے بتایا کہ چار بجے کے قریب مسجدوں اور لاوڈ سپیکروں کے ذریعے سے اعلانات کئے جارہے تھے جس میں لوگوں کو بتایا جارہا تھا کہ وہ فائرنگ بند کردیں ورنہ ان کو نشانہ بنایا جائے گا۔

پولٹیکل حکام کے مطابق جھڑپیں اپر اور لوئر کرم سب ڈویژن کے علاقوں پیواڑ، تری منگل، شلوازان، مقبل، بشارہ ، مالی خیل، ابراہیم زئی، فارش خیل، علی زئی، صدہ اور ماسو زئی کے پہاڑی علاقوں میں ہورہی ہے۔

کرم ایجنسی کے صدر مقام پارہ چنار سے منگل کو موصول ہونے والی اطلاعات میں سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ روز سے جاری جھڑپیں روکنے کےلئے مقامی انتظامیہ نے فوج اور نیم ملیشاء کے مزید دستے طلب کرلئے تھے جو اب ایجنسی کی حدود میں داخل ہوگئے ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ علی زئی کے علاقے میں منگل کی صبح فوج کی کئی گاڑیاں پہنچی ہیں جنہیں متاثرہ علاقوں میں بھیجا جارہا ہے۔

حکومت نے گزشتہ روز خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ بند نہ ہوئی تو قبائل کے مورچوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری طرف مذہبی جلوس کے مسئلہ پر جمعہ کو پارہ چنار میں شروع ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات قریبی علاقوں میں پھیلنے کے بعد بدستور جاری ہیں جن میں فریقین ایک دوسرے کے مورچوں پر بھاری ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔

زخمیوں کی منتقلی میں دشواریاں
 ٹل پارا چناررڈ بند ہونے سے زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور علاقے میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات مل رہی ہے ۔ سرکاری طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد پچیس کے قریب بتائی جارہی ہے جبکہ آزاد اور مقامی ذرائع یہ تعداد اسی کے قریب بتاتے ہیں۔

عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ جھڑپوں کے باعث ٹل پارچنار روڈ مختلف علاقوں میں بند ہے جس کے باعث زخمیوں کو پشاور منتقل کرنے میں شدید مشکلات پیش آر ہی ہیں۔

پارہ چنار شہر میں کرفیو کے باعث لوگ گھروں کے اندر محبوس ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ علاقے میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے ۔

کرم ایجنسی سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں، ریٹائرڈ سرکاری افسران اور مختلف تنظیموں نے علاقے میں جاری مسلسل جھڑپوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر جوڈیشل انکوائری کی جائے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد