عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 | | | کوئٹہ میں سکیورٹی سخت کردی گئی |
بلوچستان کے شہر حب میں ایک گیس پائپ لائن میں دھماکہ ہوا ہے جس سے قریبی علاقوں کو گیس کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔ کوئٹہ سے کوئی سات سو کلومیٹر دور حب کی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ یہ چھوٹی پائپ لائن ہے اور دھماکہ گیس کے دباؤ کی وجہ سے ہوا ہے۔ لیکن کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے آزاد بلوچ نامی شخص نے ٹیلی فون پر اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ پولیس چوکی پر حملہ آزاد بلوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے علاوہ ضلع کوہلو میں تراتانی کے علاقے میں ان کے لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا ہے جس میں فورسز کا جانی نقصان ہوا ہے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ آزاد بلوچ نے صدر جنرل پرویز مشرف کے اسلحہ ڈال کر حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینے والوں کے لیے عام معافی کے اعلان پر کہا ہے کہ اب بات صوبے کی ترقی سے کافی آگے نکل چکی ہے۔ اس کے علاوہ ادھر کوئٹہ میں آج سپرنٹنڈنٹ پولیس قاضی واحد نے کہا ہے کہ جرائم میں ملوث تین اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تیعنات کی گئی ہے جبکہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار شہر میں گشت کر رہے ہیں۔ |