شپنگ کارپوریشن کی عمارت میں آگ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں واقع پاکستان شپنگ کارپوریشن کی عمارت کی بالائی منزلوں میں اتوار کی صبح لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ آگ اتوار کی صبح پندرہ منزلہ عمارت کی گیارہویں منزل سے شروع ہوئی اور بعد ازاں اس نے پانچ بالائی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ آگ سے متاثرہ پانچ منزلوں پر وفاقی وزیر برائے شپنگ بابر غوری، پی این ایس اور نیسپاک کے دفاتر ہیں۔ آگ بجھانے کا عملہ گیارہویں اور بارہویں منزل پر لگنے والی آگ ابتدا میں بجھانے میں کامیاب ہوگیا تھا مگر عمارت کی بالائی منزلوں پر بھڑکنے والے شعلوں کو اتوار کی رات گئے ہی بجھایا جا سکا۔ نیٹی جیٹی پل کے قریب پی این ایس سی کی عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر شہری حکومت اور کے پی ٹی کی فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی تھیں مگر آگ بجھانے والے عملے کو اس وقت دشواری کا سامنا کرنا پڑا جب آگ بجھانے کے لیے اسنارکل دسویں منزل سے آگے نہ جا سکا۔ بجلی کی فراہمی منقطع کرنے کی وجہ سے بھی فائر بریگیڈ عملے کو اندھیرے کے باعث دشواری کا سامنا رہا۔
عمارت میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے کے لیے پاکستان بحریہ کے دو ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے جن کی مدد سے اہلکاروں نے چھ افراد کو عمارت سے باہر نکالا جو بےہوش ہو چکے تھے۔ ان افراد کو بحریہ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جائے وقوعہ پر موجود جہاز رانی اور بندرگاہوں کے وفاقی وزیر بابر غوری نے بتایا تھا کہ اس آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے چیئرمین کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بابر غوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمارت میں آگ بجھانے کا اندرونی نظام موثر ہے جس نے نیچے کی منزلوں کو متاثر ہونے سے بچایا۔ جب وفاقی وزیر سے معلوم کیا گیا کہ کیا آتشزدگی کی وجہ سے ریکارڈ متاثر ہوا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ جب آگ پر قابو پر پا لیا جائے گا اور عملہ اندر جائے گا تو پھر ہی پتہ چلے گا، مگر ادارے کے پاس ریکارڈ کا ’بیک اپ‘ موجود ہے۔ | اسی بارے میں ڈی جی خان آگ: تابکاری کا خدشہ16 May, 2006 | پاکستان کراچی: آتشزدگی سےنو افراد ہلاک07 January, 2006 | پاکستان خیموں میں آگ، دو بچیاں ہلاک24 December, 2005 | پاکستان بس آتشزدگی، 40 باراتی ہلاک11 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||