آدم خیل: این جی او کے دفتر میں دھماکہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے نیم خودمختار قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں ایک غیر سرکاری تنظیم کے سینٹر میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے سینٹر کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئی ہیں تاہم کسی کی ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ دھماکے کے بعد اس غیر سرکاری تنظیم نے علاقے میں اپنی سرگرمیاں فوری طور پر معطل کردی ہیں۔ درۂ آدم خیل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات درہ بازار میں واقع غیر سرکاری تنظیم دوست ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ایک بحالی سینٹر ’دارالفلاح‘ میں اس وقت پیش آیا جب مرکز میں نامعلوم افراد کی طرف سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مرکز کی دو منزلہ عمارت کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں جبکہ قریبی دکانوں کے دروازوں اور شٹرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سینٹر کی نچلی منزل فلور پر نصب کیا گیا تھا۔ پشاور میں دوست ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد ایوب نے بی بی سی کو بتایا کہ واقعے کے فوری بعد تنظیم نے مرکز بند کر کے علاقے میں اپنی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز چار کمروں پر مشتمل ہے جو نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والے افراد کےعلاج اور بحالی کے لیے بنایا گیا ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ درہ آدم خیل کی مقامی انتظامیہ نے پیر کی صبح آفریدی قبیلےکی ذیلی شاخ محمدخیل کے عمائدین کا ایک جرگہ طلب کیا جس میں غیر سرکاری تنظیم کے سینٹر پر حملے میں ملوث افراد کو حکومت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا تاہم اس سلسلے میں تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ درۂ آدم خیل میں گزشتہ چند ماہ میں غیر سرکاری تنظیموں اور خواتین کے تعلیمی ادراوں میں کئی بم حملے ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں گزشتہ پانچ دنوں میں غیر سرکاری امدادی اداروں پر یہ پانچواں حملہ ہے۔ اس سے قبل بٹہ گرام اور پشاور میں بھی غیر ملکی این جی اوز کے دفاتر کو بم حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ | اسی بارے میں پشاور: دھماکے، سکیورٹی اور خوف11 February, 2007 | پاکستان پشاور: ریڈ کراس کے دفتر میں دھماکہ10 February, 2007 | پاکستان درہ آدم خیل: آئی بی انسپکٹر کا قتل07 February, 2007 | پاکستان لڑکیوں کے سکول تباہ کردیئے گئے17 February, 2004 | پاکستان چلاس:اب لڑکوں کا سکول نذرِ آتش20 February, 2004 | پاکستان بٹگرام: این جی او کمپاؤنڈ میں دھماکہ06 February, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||