اختر مینگل کو جیل بھیج دیا گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو پانچ جنوری تک جیل بھیج دیا گیا ہے۔ مینگل سردار کو ملٹری انٹلی جنس کے اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں گرفتار کر کے حب سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔ انہیں منگل کو ایک بکتر بند گاڑی میں کڑے پولیس پہرے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا۔ اختر مینگل کو صحافیوں سے دور رکھا گیا اور بات کرنے نہیں دی گئی۔ مینگل کے وکیل سید غلام شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان پر ایم آئی کے دو نائب حوالداروں کے اغوا اور تشدد کا الزام عائد کیاگیا ہے جنہوں نے ساہ لباس میں ان کا پیچھا کیا تھا۔ غلام شاہ کے مطابق انہوں نے جوابی مقدمہ دائر کرنے کے لیے درخواست دی تھی جو ہائی کورٹ میں التویٰ کا شکار ہے۔ کیونکہ مسئلہ اہلکاروں نے پیدا کیا اور مقدمہ الٹا اختر پر دائر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے سے قبل ہی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کو فیصلہ کرنے سے روکنے کی گذراش کی گئی۔
غلام شاہ کے مطابق ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کو فیصلہ کرنے سے روکا تھا مگر اس کے باوجود انہوں نے فیصلہ جاری کیا اور اختر مینگل کو مفرور قرار دیا گیا۔ حالانکہ وہ پہلے سے ہی بلوچستان حکومت کی تحویل میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حراست کے دوران اختر مینگل کو تین دن تک سونے نہیں دیا گیا ہے اور ان کی آنکھوں پر تین دن تک سیاہ پٹی بندھی رہی اور انہیں جس کمرے میں رکھا گیا تھا وہاں بہت گند تھا اور شور و غل کیا جاتا تھا۔ ان کے مطابق اختر مینگل کو ہتھکڑی لگی ہوئی تھی۔ اختر مینگل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں جیل میں اے کلاس دی جائے مگر عدالت نے ان کی یہ بات نہیں مانی۔ سردار اختر سے ان کے چچا مہراللہ مینگل نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اختر کے حوصلے بلند ہیں۔ ’حکمران چاہتے ہیں کہ ہم جھک جائیں اور اپنے مقصد سے دستبردار ہوجائیں مگر ہم سے یہ نہ ہوگا‘۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس والوں نے جیسا کیا وہ ویسا ہی بھگتیں گے۔ ’وہ ان کے بچوں کے پیچھے بھاگ رہے تھے، اب کوئی بھی شریف آدمی یہ تو معلوم کرے گا نہ کہ کون اس کے بچوں کے پیچھے بھاگ رہا ہے‘۔ | اسی بارے میں مینگل تشدد کے الزام میں گرفتار 24 December, 2006 | پاکستان بلوچستان میں ہڑتال کا اعلان25 December, 2006 | پاکستان مینگل کے محافظوں کو عمر قید09 December, 2006 | پاکستان احتجاج جاری رہے گا: اختر مینگل28 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||