مینگل تشدد کے الزام میں گرفتار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو انٹیلیجنس اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرکے حب سے کراچی منتقل کردیا ہے۔ کراچی کے سرحدی علاقے حب میں ستائیس نومبر کو سردار اختر مینگل کو اس وقت ایک فارم ہاؤس میں نظر بند کیا گیا تھا جب وہ گوادر میں ایک لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے جارہے تھے۔ اتوار کی صبح کراچی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری حب پہنچی جہاں بلوچستان کے محکمہ داخلہ کا اجازت نامہ سینٹرل جیل گڈانی کے حکام کے حوالے کیا گیا جس میں سندھ پولیس کو سردار اختر کو حراست میں لینے کی اجازت دی گئی تھی۔ ایس پی حب نے بی بی سی کو بتایا کہ کراچی کی درخشاں پولیس کو سردار اختر مینگل انٹیلیجنس اہلکاروں پر تشدد کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے۔ کراچی میں سردار اختر مینگل کو سخت انتظامات میں پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں رکھا گیا ہے۔ ان کی پارٹی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ اس سال کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اختر مینگل کے محافظوں نے دو مشکوک افراد کو پکڑ لیا تھا۔ سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ کچھ مشکوک افراد موٹر سائیکل پر ان کے بچوں کا تعاقب کررہے تھے کہ ان کے محافظوں نے انہیں پکڑ لیا۔ ان مشکوک افراد نے انہیں بتایا تھا کہ وہ انٹیلیجنس ادارے سے تعلق رکھتے ہیں۔بعد ازاں ان اہلکاروں نے سردار اختر اور ان کے چار محافظوں کے خلاف تشدد اور اغواء کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ اسی ماہ کراچی میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک عدالت نے اختر مینگل کے چار محافظوں کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ اختر مینگل کو مفرور قرار دیا گیا تھا۔ حب سے ان کی کراچی منتقلی کے خلاف کاروبار بند رہا اور بلوچستان نینشل پارٹی اور بی ایس او کے کارکنوں نے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کردیا جو تین گھنٹے بند رہی بعد میں پولیس نے لوگوں کو منتشر کرکے ٹریفک بحال کردی۔ سندھ کے محکمہ داخلہ کے سیکریٹری غلام محمد محترم کا کہنا ہے کہ سردار اختر کو عدالت نے مفرور قرار دیا تھا اور ان کی فوری گرفتاری کے لیے کہا تھا اس لیے انہیں بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کے تحت چوبیس گھنٹوں کے اندر ملزم کو عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔ پیر تک عدالتیں بند ہیں اس وجہ سے منگل کی صبح تک انہیں عدالت میں پیش کیا جائےگا۔ | اسی بارے میں اختر مینگل کاگھر پھر محاصرے میں07 April, 2006 | پاکستان اختر مینگل کے گھر کا پانی بند08 April, 2006 | پاکستان لانگ مارچ ضرور ہوگا: اختر مینگل26 November, 2006 | پاکستان اختر مینگل رہائش گاہ پر نظر بند28 November, 2006 | پاکستان احتجاج جاری رہے گا: اختر مینگل28 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||