BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 23 December, 2006, 01:48 GMT 06:48 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
’موجودہ بسیں، ویگنیں ختم کریں‘

ٹریفک
عدالت عالیہ نے سنہ دو ہزار تین میں ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں ’لاہور کلین ائیر کمیشن’ کے نام سے ایک ادارہ بھی قائم کیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ سنہ دو ہزار سات کے اختتام تک لاہور شہر سے موجودہ بسیں، ویگنیں اور رکشہ ختم کرکے ان کی جگہ سی این جی سے چلنے والی بسیں یا یورپ میں ٹرانسپورٹ کے لیے مقرر کیے گئے معیار (یورو دو) پر پورا اترنے والی بسیں اور رکشہ متعارف کرائے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج سید حامد علی شاہ نے یہ حکم انیس سو ستانوے میں لاہور کے کچھ شہریوں کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں دائر کی گئی ایک رٹ درخواست پر ستائیس صفحوں پر مشتمل فیصلہ میں دیا ہے۔

عدالت عالیہ نے موٹر گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کو دور کرنے کے لیے طویل ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ لاہور کی شہری ضلعی حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ اپنے کام کی رفتار سے عدالت کی مجلس قائمہ (اسٹینڈنگ باڈی) کو آگاہ رکھے اور اگر یہ مجلس قائمہ سمجھے کہ عدالت عالیہ کی ہدایات پر عمل نہیں ہورہا یا ان کی خلاف ورزی ہورہی ہے تو وہ مناسب احکامات کے لیے کسی بھی وقت عدالت عالیہ سے رجوع کرسکتی ہے۔

عدالت عالیہ نے سنہ دو ہزار تین میں ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں ’لاہور کلین ائیر کمیشن’ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا تاکہ وہ شہر میں موٹر گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کا مطالعہ کرے اور اس کا تجزیہ کرکے حل تجویز کرے۔

اس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں عدالت عالیہ نے متعلقہ حکام جیسے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ، شہری ضلعی حکومت، صوبائی محکمہ تحفظ ماحولیات، اور وفاقی وزارت برائے تحفظ ماحولیات کو مندرجہ ذیل ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم دیا ہے۔

شہر میں چلنے کے لیے سی این جی سے چلنے والی یا یورو۔دو کے معیار کے مطابق بسیں متعارف کرائی جائیں

شہر میں چلنے والی موجودہ بسوں کو دسمبر دو ہزار سات تک بتدریج ختم کردیا جائے۔

موجودہ بسوں کی سی این جی پر منتقلی جس کا سرٹیفکیٹ مجاز ورکشاپ جاری کرے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے۔

دس سال سے زیادہ پرانی کوئی بس شہر میں چلانے کی اجازت نہ دی جائے۔

ٹرانسپورٹ کی منصوبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر بسوں کے لیے الگ سے قطاریں (لین) مقرر کی جائیں۔

پنجاب کے شہروں سے موجودہ ویگنیں ختم کرکے ان کی جگہ منی بسیں چلائی جائیں اور جن راستوں پر منی بسیں نہ چلائی جاسکیں ان پر یورو دو کے معیار پر پورا اترنے والی ویگنیں چلائی جائیں۔

لاہور میں چار اسٹروک آٹو رکشہ چلایا جائے اور موجودہ آٹو رکشہ کو دسمبر سنہ دو ہزار سات تک بتدریج ختم کیا جائے۔ جنوری سنہ دو ہزار پانچ سے لاہور میں دو اسٹروک آٹو رکشہ کی رجسٹریشن پر لگائی گئی پابندی کو سختی سے نافذ کیا جائے۔

سنہ دو ہزار سات تک موٹر سائکلوں، رکشاؤں کے دھواں چھوڑنے کے معیار اور شہر میں ہوا کی تطہیر کے مختصر مدتی اور طویل مدتی معیار مقرر کیے جائیں۔

موجودہ گرین فنڈ کو صاف ایندھن اور موٹر گاڑیوں کے فروغ کی ترغیب دینے کے لیے موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔

لاہور کی ضلعی حکومت ایک سال کے اندر فضائی آلودگی کی تطہیر کے لیے اسکواڈ اور اسٹیشن بنانے کا کام کرے اور نگرانی کے موثر اقدامات کرے۔

جج نے اپنے فیصلہ میں لکھا ہے کہ لاہور کبھی باغوں کے شہر کے طور پر جانا جاتا تھا اور بعد میں اس کی پہچان کالجوں کے شہر کے طور پر ہوئی اور اب یہ ملک کا تہذیبی مرکز ہے۔

جج کا کہنا ہے کہ لاہور ملک میں سب سے زیادہ قابل رسائی شہر ہے جہاں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں اور ہوا میں خاص طور سے موٹر گاڑیوں کی وجہ سے آلودگی اور دھند بہت زیادہ ہوگئی ہے جس کا تدارک کیا جانا ضروری ہے۔

عدالت عالیہ نے شہریوں کی رٹ درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آیینی حقوق سے بہر ور تھے اور انہوں نے لاہور ہائی کورٹ سے ان حقوق کے تحفظ کے لیے رجوع کرکے درست اقدام کیا۔

عداعلت عالیہ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ پاکستان انسانی صحت اور ماحول کے تحفظ کے متعدد عالمی معاہدوں پر دستخط کرچکا ہے اور انسانی بقا اور اس کے وقار کا تحفظ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

عدالت عالیہ نے یہ فیصلہ منصور علی شاہ وغیرہ کی جانب سے کی گئی ایک آئینی رٹ درخواست پر سنایا جس میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ ہوا کی آلودگی کے بڑھتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے حکومت کو ہدایات جاری کرے۔

اسی بارے میں
ماحولیاتی تنظیموں کا الرٹ
09 November, 2005 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد