اسلام آباد میں دو سلنڈر دھماکے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پیٹرول پمپ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکے ہوئے ہیں جس میں کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ جبکہ راولپنڈی میں آئی ایس آئی کے دفتر حمزہ کیمپ المعروف اوجھڑی کیمپ کے سامنے ایک ہوٹل میں گیس بھرجانے سے ایک دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک عینی شاہد محمد شفاعت نے بتایا کہ اسلام آباد میں سپر مارکیٹ کے سامنے پیٹرول پمپ پر ’سی این جی‘ پلانٹ سے پہلے گیس خارج ہونا شروع ہوئی اور تھوڑے وقفے وقفے دو گیس سلینڈر زوردار دھماکوں سے پھٹ پڑے۔ ان کے مطابق وہ پیٹرول پمپ کے قریب سے واک کرتے گزر رہے تھے کہ یہ دھماکے ہوئے جس کے بعد پیٹرول پمپ میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بڑے شعلے بلند ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور یہ کوئی تخریبی کارروائی نہیں بلکہ ایک حادثہ ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیر لیا اور فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے آگ بجھادی۔ فائر بریگیڈ کے جلد پہنچنے سے آگ کو پیٹرول کے ٹینکوں کی طرف بڑھنے سے روکا گیا بصورت دیگر بہت زیادہ تباہی ہوسکتی تھی۔ پیٹرول پمپ کے عقب میں ایک سرکاری کوارٹر کے رہائشی محمد وقار نے بتایا کہ دھماکے سے کچھ گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بعض لوگ خوف کے مارے بچوں سمیت گھروں سے سڑک پر نکل آئے۔ پیٹرول پمپ کے قریب بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ محمود علی نامی ایک شخص نے کہا کہ اسلام آباد میں اکثر پیٹرول پمپ رہائشی علاقوں میں واقع ہیں اور اگر فنی خرابی کی وجہ سے بھی کوئی دھماکہ ہوتا ہے تو وہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’سی این جی‘ پمپس پر کوالٹی کنٹرول کا انتظام ہونا چاہیے۔ ادھر جمعہ کی صبح ایک دھماکہ راولپنڈی میں آئی ایس آئی کے کمپاؤنڈ کے سامنے ایک ہوٹل میں بھی ہوا۔ جس میں پولیس کے مطابق کمرے میں گیس بھر گئی تھی اور جیسے ہی اس میں رہنے والے ایک شخص نے ماچس کی تیلی جلائی تو ایک دھماکہ ہوا جس سے کمرے میں موجود دونوں افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ دونوں افراد کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ سے بتایا جاتا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دونوں واقعات کو پولیس حکام حادثات ہی قرار دے رہے ہیں لیکن دونوں شہروں میں سکیورٹی بھی بڑھادی گئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے کئی مقامات پر پولیس کے ناکے لگے ہوئے ہیں۔ | اسی بارے میں پارلیمنٹ کے سامنے راکٹ ملے05 October, 2006 | پاکستان بریگیڈئر کے بیٹے سمیت تین گرفتار24 October, 2006 | پاکستان اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت03 May, 2006 | پاکستان اسلام آباد کی سڑکیں نئی پولیس کے حوالے23 May, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||