BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 18 October, 2006, 14:19 GMT 19:19 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
تیز رفتار ٹرین سروس کا منصوبہ

لاہور ریلوے سٹیشن
لاہور ریلوے سٹیشن
دس لاکھ موٹرگاڑیوں کے شہر لاہور میں ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کے لیے پنجاب کی صوبائی حکومت شہر کے اندر تیز رفتار ریل سروس چلانے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق اس تیز رفتار ریل نظام کی فیزیبلٹی (ابتدائی) رپورٹ بمعہ انجینئیرنگ ڈیزائن مکمل ہوگئی ہے۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق اس منصوبے پر ڈیڑھ سو ارب روپے کی لاگت آئے گی، جس کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے بات چیت کی جارہی ہے۔

لاہور میں ماس ٹرانزٹ ٹرین چلانے کے لیے اس سال جولائی میں ایک بین الاقوامی مشاورتی کمپنی نے فیزیبلٹی رپورٹ (بعنوان لاہور ریپڈ ماس ٹرانزٹ سسٹم) مکمل کرکے صوبائی حکومت کو دی تھی، جس کے بارے وزیراعظم شوکت عزیز کو بھی بریفنگ دی گئی۔

فیزیبلٹی رپورٹ میں شہر کے لیے زیر زمین اور بالائے زمین تیز رفتار ریل سروس چلانے کے لیے چار لائنیں تجویز کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق صوبائی حکومت ابتدائی طور پر شاہدرہ سے فیروز پور روڈ پر کوٹ لکھپت پل تک اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ہر بنس پورہ تک دو لائنیں بچھانا چاہتی ہے۔

تیز رفتار ماس ٹرانزٹ کی سترہ کلومیٹر لائن سڑکوں کے اوپر ستون بنا کر بچھائی جائے گی جبکہ دس کلومیٹر لائن زیر زمین ہوگی۔ فیزیبلٹی رپورٹ کے مطابق اس ریلوے لائن کے اسٹیشن شاہی قلعہ لاہور کے شیش محل کے ’پویلین‘ کی طرز پر بنائے جائیں گے۔

لاہور ٹرانزٹ سٹم
لاہور ٹرانزٹ ریلوے سٹیشن کا مجوزہ نقشہ

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ماس ٹرانزٹ نظام کے وجود میں آنے سے لاہور کی سڑکوں سے تین ہزا بسیں اور ویگنیں ختم ہوجائیں گی، جس سے شہر میں شور اور ہوا کی آلودگی کم ہوگی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق لاہور تقریباً تریسٹھ لاکھ آبادی کا شہر ہے، جس کی سڑکوں پر دس لاکھ گاڑیاں بھاگتی ہیں۔

لاہور کی ضلعی حکومت کے مطابق شہر میں پندرہ ہزار تعلیمی ادارے ہیں، جن میں سے پانچ سو مہنگے اسکول ہیں جہاں بچے کاروں میں آتے جاتے ہیں۔ لاہور ٹریفک پولیس کے سربراہ وسیم احمد خان کے مطابق روزانہ اسی ہزار کاریں بچوں کو سکول چھوڑنے کے لیے آتی جاتی ہیں اور ان میں دو تہائی سے زائد کاروں میں صرف ایک بچہ سفر کرتا ہے۔

دوسری طرف، ملک کے بڑے شہروں میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے حال ہی میں وزیراعظم شوکت عزیز کو دس لاکھ سے زیادہ آبادی پر مشتمل آٹھ شہروں میں ’ماس ٹرانزٹ‘ نظام شروع کرنے کے معاملہ پر بھی ایک بریفنگ دی گئی ہے۔

سکول آمدورفت
 اسی ہزار کاریں بچوں کو سکول چھوڑنے کے لیے آتی جاتی ہیں اور ان میں دو تہائی سے زائد کاروں میں صرف ایک بچہ سفر کرتا ہے۔
ٹریفک پولیس چیف

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ نظام اپنی استعداد کی آخری حد تک پہنچ چکا ہے اور ٹریفک کے ہجوم کے باعث آمد و رفت سے ہونے والی تاخیر سے معیشت کو ’اربوں روپے‘ کا نقصان ہورہا ہے۔

وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں انیس سو پچانوے میں بنائی گئی نیشنل ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو وزارت ریلوے کے ماتحت بحال کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

ملک کے آٹھ بڑے شہروں میں کراچی (ایک کروڑ چالیس لاکھ آبادی)، حیدرآباد بشمول کوٹری (اٹھائیس لاکھ) ، ملتان (اکتیس لاکھ)، لاہور (تریسٹھ لاکھ)، جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد (چالیس لاکھ)، فیصل آباد (چون لاکھ)، پشاور (بائیس لاکھ) اور کوئٹہ بشمول نواحی علاقے (دس لاکھ آبادی) شامل ہیں۔

وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہروں کی آبادی خطرناک حد تک تیز رفتاری سے بڑھ رہی ہے جس سے آمد و رفت کے نظام پر منفی اثر پڑ رہا ہے اور اس مسئلے کا مناسب حل ماس ٹرانزٹ نظام ہی ہے۔

اسی بارے میں
سوموار سے نئی ٹرین
22 July, 2006 | پاکستان
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد