قبائلیوں نےسکیورٹی سنبھال لی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں مسلح قبائلیوں نے جن میں مقامی طالبان بھی شامل ہیں امن عامہ برقرار رکھنے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے قبائل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گزشتہ دنوں حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا نتیجہ ہے۔ اس نئے انتظام کے تحت درپہ خیل، بورا خیل اور میران اقوام پر مشتمل تقریباً 80 مسلح قبائلی بازار میں جگہ جگہ تعینات ہوں گے تاکہ امن عامہ برقرار رکھا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں رزمک اڈے پر ایک دفتر بھی قائم کیا گیا ہے۔ ان قبائلیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ اقدام صرف اغوا، قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کے لیئے اٹھایا گیا ہے۔ اس فیصلے سے آگاہ کرنے کی غرض سے شہر میں آج پمفلٹ بھی تقسیم کیئے گئے اور دیواروں پر پوسٹر بھی لگائے گئے۔ ’اعلان مسرت‘ کے عنوان سے شائع ہونے والے اس پیغام میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی نقاب پوش مشتبہ شخص کی اطلاع انہیں دی جائے اور اگر اس کا وقت نہ ہو تو وہ خود بھی ان کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔ اشتہار میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نقاب پوش مقامی طالبان نہیں بلکہ چور یا ڈاکو ہوسکتے ہیں۔ اس سے قبل جنوبی وزیرستان میں بھی مقامی قبائل نےاسی طرح کے اقدامات کیئے تھے ۔ تاہم آج کے اس تازہ فیصلے سے واضح نہیں کہ حکومت کی عمل داری کہاں تک برقرار رہے گی۔ پانچ ستمبر کو مقامی طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے میں واضع طور پر کہا گیا ہے کہ علاقے میں عمل داری حکومت کی ہوگی۔ یہ واضح نہیں کہ مقامی قبائل نے یہ اقدام حکومت کی رضامندی سے لیا ہے یا نہیں۔ مقامی انتظامیہ سے اس سلسلے میں رابطے کی کوشش بارآور ثابت نہیں ہوئی۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں آج سہہ پہر نامعلوم افراد نے تعاقب کر کے ایک گاڑی میں جا رہے افراد پر تیارزہ کے مقام پر گولی چلا کر دو افراد کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد شکئی کے ملک خانان کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ ملک خانان اور ان لوگوں نے گزشتہ دنوں علاقے میں مبینہ طور پر موجود ازبک شدت پسندوں کو علاقہ بدر کرنے کی ایک ناکام مہم چلائی تھی۔ ملک خانان بھی اسی طرح کے ایک حملے میں زخمی ہوچکے ہیں۔ |
اسی بارے میں ’وزیرستان معاہدہ ملا عمر نے کرایا‘ 25 September, 2006 | پاکستان جنوبی وزیرستان میں مزید 7 لاشیں 25 September, 2006 | پاکستان وزیرستان میں طالبان کا ’انصاف‘24 September, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||