BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 24 September, 2006, 12:23 GMT 17:23 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
پاکستان: بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

پاکستان میں بجلی کی سپلائی منقطح ہونے کی وجہ سے ملک کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔

وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم کا کہنا ہے کہ بجلی کا بریک ڈاؤن تخریب کاری کا نتیجہ نہیں اور آئندہ چھ سے سات گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔

ملک میں بجلی کی فراہمی میں تعطل اتوار کی دوپہر کو ایک بجکرچالیس منٹ کے قریب اس وقت ہوا جب منگلا کی پانچ سو کے وی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ جس کے بعد تربیلا، گدو اور جامشورو مین ٹرانسمیشن لائن سے بھی بجلی کی فراہمی بند ہے۔

بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کی وجوہات کا ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ واپڈا کے ترجمان نےتخریبی کارروائی کے امکان کو رد کر دیا ہے۔

تربیلا اور منگلا پاور سٹیشن کی وجہ سے پنجاب اور سرحد، کشمیر جبکہ گدو اور جامشورو پاور سٹیشن میں خرابی کے باعث سندھ اور بلوچستان میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے بتایا کہ یہ بریک ڈاؤن تکنیکی خرابی کی بنا پر ہوا اور وزیراعظم پاکستان نے اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق غازی بروتھا پاور پلانٹ سے فیصل آباد کے نواحی علاقے گٹی تک جانے والی پانچ سو کلو واٹ کی ٹرانسمیشن لائن کی دیکھ بھال کے عمل کے دوران فالٹ پیدا ہوا جس کے نتیجے میں ایک ایک کر کے تمام فیڈر ٹرپ کر گئے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔

نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے جنرل مینیجر صلاح الدین رفاعی نے بتایا کہا کہ بریک ڈاؤن کا یہ واقعہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہیں ہوا اور سنہ دو ہزار ایک میں بھی اسی طرح کا واقعہ رونما ہو چکا ہے۔

اسلام آباد میں واقع واپڈا کنٹرول سنٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیلا کے چودہ میں سے دو یونٹوں کی بحالی کے بعد اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے جبکہ راولپنڈی شہر کے چارگرڈ سٹیشنوں اور لاہور کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کی دوپہر دو بجے کے قریب ملک کے بیشتر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں جہاں ایک طرف لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا وہیں دوسری جانب ملک بھر میں تربیلا ڈیم پر تخریب کاری، اسمبلیاں ٹوٹنے اور حکومت کے خلاف بغاوت جیسی افواہوں کا بازار بھی گرم ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں عوام میں بے چینی پھیل گئی تھی۔

واپڈ کے چیئرمین طارق حمید نے ایک پرائیوٹ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہاہے کہ فوری طور پر نہیں بتایا جاسکتا کہ کیا فنی خرابی ہوئی تھی ہماری پہلی ترجیح بجلی کی بحالی ہے۔

دوسری طرف واپڈا نے کراچی کو چھ سو میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل کردی ہے۔ جس کی وجہ سے کراچی کی تیس فیصد آبادی بجلی کے بحران کا شکار ہے۔
جس کے بعد کے ای ایس سی نے مختلف علاقوں میں مختلف اوقات میں لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا ہے۔کراچی کو دو ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جس میں چھ سو میگاواٹ واپڈا کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں۔

اسلام آباد راولپنڈی
پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی واپڈا کی ٹرانسمیشن لائنوں میں پیدا ہونے والی خرابی کی وجہ سے بجلی کی فراہمی دو گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

اسلام آباد کے کچھ شہری علاقوں میں بجلی بحال ہو گئی ہے جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں اور راولپنڈی، جہلم ، چکوال جیسے نزدیکی شہروں میں تاحال بجلی بند ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد