پشاور میں اسرائیل مخالف احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لبنان اور فلسطین پر اسرائیلی حملوں کے خلاف صوبائی دارلحکومت پشاور میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور میں مختلف سیاسی جماعتوں اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام چار احتجاجی مظاہرے جمعے کو منعقد ہوئے جن میں سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا مظاہرہ قوم پرست جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔ یہ مظاہرہ خیبر بازار سے شروع ہوا اور شہر کے مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا چوک یادگار پر اختتام پذیر ہوا۔ مظاہرے کی قیادت عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین ، حاجی غلام احمد بلور اور حاجی محمد عدیل نے کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر اسرائیل، صدر بش اور جنرل پرویز مشرف کے خلاف نعرہ بازی کی اور لبنان و فلسطین پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی۔ مقررین نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے حالیہ وحشیانہ اقدامات اور ظلم و بربریت سے تمام عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی ڈکٹیٹر تو دو دو گھنٹے ٹی وی اور دیگر تقاریب میں بات کرتے ہیں لیکن ابھی لبنانی مسلمانوں کا مسئلہ آیا ہے تو ان کی منہ سے بات نہیں نکل رہی ہے اور یہی حال دیگر مسلمان ممالک کا بھی ہے۔ مقررین نے کہا کہ لبنانی اور فلسطینی عوام کے خلاف اس سازش میں امریکہ اور یورپی ممالک کے ساتھ ساتھ چند مسلمان ممالک بھی ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مسلمان ممالک میں جرات نہیں کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت اور بربریت کے خلاف آواز اٹھا سکیں۔ اس سے قبل پاسبان تنظیم اور پاکستان عوامی تحریک نے بھی پشاور پریس کلب کے سامنے الگ الگ احتجاجی مظاہرے منعقد کیئے۔ پاسبان کے مظاہرے کی قیادت حافظ امجد ایوب اور ضلعی صدر ملک فردوس خان داؤدزئی کررہے تھے جبکہ عوامی تحریک کے مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر خالد محمود درانی نے کی۔ درجنوں مظاہرین نے اس موقع پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ پاکستان عوامی تحریک نے لبنان کے عوام کی امداد کے ایک فنڈ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں لبنانی عوام کےلیئے دل کھول کر عطیات دیں۔ | اسی بارے میں اسرائیل جنگی جرائم کررہاہے:عمران02 August, 2006 | پاکستان پشاور میں اسرائیل مخالف مظاہرہ03 August, 2006 | پاکستان ’مسلمان ملک لبنان کا دفاع کریں‘04 August, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||