بگٹیوں کی بازیابی کے لیئے پیٹیشن | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سندھ ہائی کورٹ میں مبینہ طور پر ایک خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے ہاتھوں مزید دو افراد کی حراست کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔ اس قبل ایسی دس درخواستیں عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ یہ پٹیشن بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے کزن میر حسن بگٹی نے اپنے بیٹے بلال اور بھانجے مرتضیٰ خان کی خفیہ ادارے کے ہاتھوں حراست کے خلاف پیر کے روز دائر کی۔ درخواست میں وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کے سیکریٹری، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صبیح الدین اور جسٹس افضل سومرو پر مشتمل بینچ نے پچیس جولائی کے لئے ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ درخواست میں عدالت سےگذارش کی گئی ہے کہ بلال اور مرتضیٰ کی حراست کو غیر قانونی قرار دیکر زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انہیں بازایاب کرایا جائے۔ میر حسن بگٹی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے بیٹے بلال اور بھتیجےمرتضیٰ خان کے ساتھ چودہ جولائی کو مائی کولاچی پل پر واقع مسجد عمر فاروق میں نماز پڑھ کر واپس جارہے تھے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔ میر حسن کے مطابق شناخت کے بعد ایجنسی کے اہلکار ان کے بیٹے بلال کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ’ہم نے اس کا پتہ لگانے کی کوشش کی مگر کچھ معلوم نہیں ہوا۔‘ انہوں نے الزام لگایا ے کہ وہ اور مرتضیٰ بوٹ بیسن تھانے پرگئے جہاں بلال کے اغوا کا مقدمہ درج کروانا چاہا مگر پولیس نے انکار کردیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ واپسی پر راستے میں ایک مرتبہ پھر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے لوگ مرتضیٰ کو بھی اپنے ساتھ لےگئے۔ میر حسن بگٹی کا کہنا ہے: ’ہم نواب اکبر بگٹی کے رشتہ دار ضرور ہیں مگر ہمارا ان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی بلال اور مرتضیٰ ان کی جماعت کے رکن ہیں مگر خفیہ ادارے کے اہلکار ان کو حراست میں رکھے کر اکبر بگٹی پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔‘ واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں صفدر سرکی، آصف بالادی، بہرام بلوچ، قاری محمد عالم، سلیم بلوچ، رؤف ساسولی، سمیت دس افراد کی خفیہ اداروں کے پاس حراست کے خلاف درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سےعدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یہ لوگ ان کی تحویل میں نہیں ہیں۔ | اسی بارے میں لاپتہ پاکستانی، براہِ راست ویب کاسٹ03 July, 2006 | پاکستان ’لاپتہ افراد کی تلاش میں حکومت ناکام‘03 July, 2006 | پاکستان شاہد بگٹی اور ہمایوں مری نظربند16 July, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||