BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 26 June, 2006, 11:56 GMT 16:56 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
شمالی وزیرستان سے اچھی خبر

اس عارضی جنگ بندی سے مقامی طالبان بھی خوش دکھائی دیتے ہیں
شمالی وزیرستان سے کافی عرصے بعد کوئی اچھی خبر سننے کو ملی۔ امید کی جا رہی ہے کہ کئی ماہ کی بظاہر نہ ختم ہونے والی مار دھاڑ اب تھم جائے گی۔ لوگوں کو تھوڑا سکون ملے گا۔

اگرچہ یہ ایک عارضی جنگ بندی ہے لیکن مبصرین قیاس کر رہے ہیں کہ اس وقفے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فریقین کسی مستقل حل کی تلاش کی کوشش ضرور کریں گے۔

قبائلی علاقوں کی انتظامیہ اور تجزیہ نگار اس پیش رفت کو اچھا شگون قرار دے رہے ہیں لیکن کیا شدت پسندوں کی جانب سے اس عارضی جنگ بندی کا مقصد حکومت سے سنجیدہ بات چیت ہے یا پھر یہ وقت حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

شمالی وزیرستان سے اطلاعات ہیں کہ گزشتہ ماہ افغانستان میں طالبان کے سربراہ ملا محمد عمر کا ایک پیغام قبائلی شدت پسندوں کے لیئے آیا کہ پاکستان میں لڑائی سے زیادہ اس وقت ان کی ضرورت افغانستان میں ہے۔

وزیرستان
مقامی طالبان نے سیز فائر کے بدلے فوج کے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے

حالیہ دنوں میں افغانستان میں طالبان کی جانب سے کارروائی میں کافی شدت آئی ہے۔ افغان حکومت اور اتحادی افواج سینکڑوں مشتبہ طالبان کو ہلاک کرنے کے دعوے کر رہے ہیں۔ طالبان کئی علاقوں پر قبضے کا دعوٰی کرتے ہیں جبکہ افغان حکومت اسے غلط قرار دے رہی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ بڑی تعداد میں مقامی نوجوان افغانستان میں طالبان کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیئے جا رہے ہیں۔ افغانستان میں مرنے والوں کو بعد میں خاموشی سے واپس لا کر دفن کر دیا جاتا ہے۔

اس بات کا اعتراف خود جنوبی وزیرستان میں مقامی طالبان کے ایک کمانڈر بیت اللہ محسود بھی گزشتہ دنوں بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آخری دم تک افغانستان میں غیرملکی فوج کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیتے رہیں گے۔

اس عارضی جنگ بندی سے مقامی طالبان بھی خوش دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے ان کو نہ صرف سانس لینے کا موقعہ ملے گا بلکہ دوبارہ صف بندی بھی کر سکیں گے۔

اس جنگ بندی کے اعلان سے طالبان نے گیند حکومت کے کورٹ میں پھینک دیا ہے۔ اب تمام نظریں حکومت پر ہیں کہ وہ اس اقدام کا جواب کس طرح دیتی ہے۔ حکومت کے لیئے بعض شرائط ماننا اگر ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوسکتا ہے۔ ان میں فوج کے انخلاء پر سب سے زیادہ مخالفت کا امکان دیکھائی دیتا ہے۔

وزیرستان
لڑائی سے علاقہ تباہ حال ہوچکا ہے

حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ علاقے میں غیرملکی عناصر کی موجودگی تک فوج وہاں موجود رہے گی۔ غیرملکی جنگجووؤں کا مسئلہ کافی ٹیڑھا ثابت ہوا ہے۔ اسی ایک مسئلے پر تو پہلے دن سے حکومت اور قبائلیوں میں کوئی اتفاق نہیں ہو رہا۔ ایک کہتا ہے ہیں جبکہ دوسرا کہتا ہے کوئی نہیں ہے۔ ایک فوجی کارروائی میں درجنوں غیرملکیوں کو ہلاک کرنے کا کہتا ہے تو دوسرا انہیں مقامی افراد بتاتا ہے۔

اس جنگ بندی سے حکومت کو بھی فائدہ ہوگا۔ اس سے اسے یہ بتانے میں آسانی ہوگی کہ وہ وزیرستان کے قضیے کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وہ اس جنگ بندی کو اس سلسلے میں اپنی ایک ابتدائی کامیابی بھی قرار دے رہی ہے۔

البتہ ایک اہم سوال یہ ہے کہ اس بات چیت کو امریکی کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ خیال یہی ہے کہ وہ القاعدہ اور طالبان کے مسئلے کا حل بات چیت سے زیادہ عسکری ذرائع سے حل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اسی امریکی ناراضگی سے بچنے کی خاطر ماضی میں حکومت نے شدت پسندوں کے ساتھ خفیہ مذاکرات کا چینل کھلا رکھا۔ تاہم کسی فوجی کارروائی کی وجہ سے یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہو نہیں پاتے تھے۔

وزیرستان میں حکومت اور شدت پسندوں کے لیئے بڑا چیلنج اب کسی طرح سے اس جنگ بندی کو مستقل بنیادوں پر قائم کرنا ہوگا۔ ہر کسی کے ذہن میں ایک ہی سوال ہے کہ آیا یہ مذاکرات اور جرگہ کامیاب ہوسکے گا یا نہیں۔ وقت ہی بتا سکے گا کہ حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان پس پردہ رابطے کیا رنگ لائیں گے؟

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد