خیر بخش مری کے گھر پر چھاپہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
منگل کو کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کے گھر پر چھاپہ مارا۔ نواب مری کے قریبی ذرائع کے مطابق حکام انہیں مختصر وقت کے لیے ساتھ بھی لے گئے۔ اٹھہتر سالہ بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کراچی کے متمول علاقے ڈیفنس سوسائٹی میں اپنے داماد اور سابق سینیٹر جاوید مینگل کے گھر رہائش پذیر ہیں۔ ان کے قریبی ذرائع کے منگل کی صبح ایک درجن کے قریب گاڑیوں میں سوار قانون نافذ کرنے والے کئی اداروں کے اہلکاروں نے ان کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں موجود بیس سے زیادہ افراد کو اپنے ساتھ لے گئے جن میں خود مری قبائل کے سردار بھی شامل تھے۔ ایک اور بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطاءاللہ مینگل کے سیکریٹری امید بلوچ نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چھاپہ مارنے والے اہلکاروں میں باوردی فوجی اہلکار بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق گھر میں موجود خواتین کے سوا تمام لوگوں کو سرکاری اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تاہم کچھ دیر بعد ہی نواب مری اور دوسرے تمام افراد کو چھوڑ دیا گیا۔ کوششوں کے باوجود نواب خیر بخش مری سے رابطہ نہ کیا جا سکا۔ کراچی میں پولیس حکام نے اس کارروائی سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ ڈیفنس سوسائٹی کا علاقہ کلفٹن ٹاؤن کی پولیس حدود میں آتا ہے۔ علاقے کے انچارج پولیس افسر عمران منہاس نے کہا کہ کارروائی نہ تو پولیس حکام کے علم میں لائی گئی نہ ہی پولیس اس میں شریک رہی۔ نواب خیر بخش مری نوے کی دہائی میں افغانستان میں اپنی خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے واپس آئے تھے اور ان کا شمار بلوچ حقوق کےسخت گیر ترین علمبرداروں میں ہوتا ہے۔ ذرائع ابلاغ سے سختی سے کنارہ کش رہنے والے نواب خیر بخش مری کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بلوچستان میں فوج کے خلاف جاری موجودہ مسلح جدوجہد کے حامیوں میں سے ہیں اور ان کے خلاف کئی مقدمات بھی درج کئے ہیں۔ نواب مری کو ہی بلوچستان ہائی کورٹ کے جج میر نواز مری کے قتل کے مقدمے میں بھی سن دو ہزار میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں ان کی عدالت سے ضمانت ہوگئی تھی۔ |
اسی بارے میں اکبر بگٹی پر مزید مقدمات درج22 February, 2006 | پاکستان لوٹی گیس پلانٹ پر حملہ 09 March, 2006 | پاکستان بلوچستان حملے میں فوجی ہلاک22 February, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||