قبائلی علاقے میں کارروائی، تیس ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش کے جنوبی ایشیا کا دورہ شروع ہونے سے قبل پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریب ایک کیمپ پر حملہ کرکے تیس شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بدھ کی صبح شروع کی جانے والے اس کارروائی میں حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر غیر ملکی شدت پسند ہیں۔ اس کارروائی میں شدت پسندوں کے کیمپ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق اس کارروائی میں دس فوجی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک احاطے پر پہلے ہیلی کاپٹروں کےذریعے بمباری کی اور اس کے بعد زمینی کارروائی کی گئی۔ شمالی وزیرستان کے پولیٹکل ایجنٹ ظہیر الاسلام نے بی بی سی کے نامہ نگار ہارون رشید کو بتایا کہ کارروائی مقامی وقت کے مطابق آج صبح سات بجے شروع ہوئی جس میں گن شپ ہیلی کاپٹر اور زمینی دستے حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز افغان سرحد کے قریب ڈانڈے سیدگئی نامی گاؤں سے تھوڑا باہر پہاڑوں میں ایک مشتبہ کیمپ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے بقول اس کیمپ میں اطلاعات کے مطابق بیس سے پچیس متشبہ شدت پسند موجود تھے جن میں سے اکثریت غیرملکیوں کی تھی۔ حکام کے مطابق اس کیمپ میں اسلحے کا ایک ذخیرہ بھی تھا جو نشانہ بنا ہے جس وجہ سے آخری اطلاعات تک دھماکے جاری تھے۔ پولیٹکل ایجنٹ نے تاہم ابھی کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی ابھی جاری ہے اور اس کے خاتمے پر ہی اس بارے میں کچھ کہا جا سکے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کیمپ سے شدت پسند سرحد پار افغانستان اور وزیرستان کے اندر بھی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان کی شناخت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے خاتمے پر ہی معلوم ہوسکے گا۔ تازہ کارروائی ایک ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب گورنر سرحد خلیل الرحمان نے گزشتہ ہفتے ہی میران شاہ کے دورے کے دوران فوجی کارروائیوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس بارے میں پولیٹکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں تقریباً دو ماہ سے معطل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقامی قبائل کو بتا رکھا ہے کہ کسی غیرملکی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر یہ کارروائی بہت ضروری ہوجاتی ہے۔ | اسی بارے میں وزیرستان: ایک فوجی ہلاک30 January, 2006 | پاکستان ’وزیرستان، فوجی کارروائیاں معطل‘23 February, 2006 | پاکستان ’اسامہ کو پکڑنا ہماری ترجیح ہے‘28 February, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||