کارٹون تنازعہ، سفیروں کی طلبی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہفتہ کو نو مغربی ممالک کے سفیروں کو طلب کرکے ان کے ممالک میں متنازعہ کارٹونوں کی اشاعت پر احتجاج کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا ’فرانس، جرمنی، اٹلی، سپین، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ، ہنگری، ناروے اور چیک ریپبلک کے سفیروں کو طلب کیا گیا ہے اور ان سے توہین رسالت پر مبنی کارٹونوں کی اشاعت اور دوبارہ اشاعت پر شدید احتجاج کیا گیا ہے‘۔ تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ پاکستان ان کارٹونوں کی اشاعت کی مذمت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈنمارک کے سفیر کو طلب کرکے نہ صرف ان سے شدید احتجاج کیا گیا ہے بلکہ پاکستانی حکومت نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈنمارک کی حکومت اس سلسلے میں فوری کارروائی کرے اور یہ یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسا نہیں ہوگا۔ تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ متنازعہ کارٹونوں کی دوبارہ اشاعت سے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کا مطلب کسی کے اعتقادات کا مذاق اڑانا یا جذبات مجروح کرنا نہیں ہے۔ ’ہم یورپی ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں ایسا قابل نفرت کام دوبارہ نہیں ہوگا‘۔ اس سے قبل پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کارٹونوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے تہذیبوں کے درمیان تصادم کو مذید تقویت ملے گی۔ پاکستانی صدر نے کہا کہ وہ ان’ کیری کیچرز‘ کی اشاعت کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ ان’ کیری کیچرز‘ کو بعض یورپی اخبارات دوبارہ شائع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان’ کیری کیچرز‘ کو چھاپنے والوں نے اربوں مسلمانوں کے احساسات کا خیال کیئے بغیر یہ ’کیری کیچرز‘ چھاپے ہیں اور یہ آزادی صحافت کا بالکل غلط استعمال ہے۔ ادھر پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ نے آج ان کارٹونوں کی اشاعت پر ایک متفقہ قرارداد مذمت منظور کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی ذرائع ابلاغ خصوصاً ڈنمارک کے اخبار نے یہ حرکت دانستہ کی ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان اور جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ سینیٹ کے مطابق یورپی اخبارات مسلمانوں کے احتجاج کے باوجود مسلسمل ان کیری کیچرز کو دوبارہ سے چھاپ رہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف اپنا اشتعال انگیز رویہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو پاکستان بھر میں ان کیری کیچرز کی اشاعت کے خلاف مظاہرے ہوئے اور مظاہرین نے کہا کہ ان کیری کیچرز کی اشاعت سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے۔ | اسی بارے میں کارٹون : امریکہ، برطانیہ کی مذمت03 February, 2006 | آس پاس کارٹونوں کے معاملے پر تحمل کی اپیل04 February, 2006 | صفحۂ اول اپنے مسائل خود مل بیٹھ کر حل کیجئے04 February, 2006 | قلم اور کالم کارٹون تنازعہ: اردن کے مدیر گرفتار04 February, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||