انسانی حقوق کمیشن رپورٹ کا اجراء | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے غیر سرکاری انسانی حقوق کے کمیشن ایچ آر سی پی نے سنیچر کو جاری کی جانے والی اپنی سالانہ رپورٹ میں سن دو ہزار پانچ میں رونما ہونے والے سیاسی، سماجی اور معاشرتی امور کا تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے۔ رپورٹ سے واضح ہوتاہے کہ اگرچہ حکومت نے انسانی حقوق کے مختلف پہلوؤوں کو تسلیم کرتے ہوئے زیادتیوں کی روک تھام کے لیے کچھ قوانین تو بنائے لیکن ان پر عمل در آمد نہیں ہو پایا اور نہ ہی ملک کے نچلے اور پسماندہ طبقوں کو تحفظ مل سکا۔ اسلام اباد میں رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر اس کے اہم اور چیدہ چیدہ نکات بیان کرتے ہوئے ایچ آر سی پی کی سربراہ عاصمہ جہانگیر اور تنظیم کے ڈائریکٹر آئی اے رحمن نے انسانی حقوق کے تناظر میں ملک کی سماجی اور سیاسی صورت حال کا جائزہ پیش کیا۔ آئی اے رحمن کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال کا گزشتہ سالوں کے حالات سے اگرموازنہ کیا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ اگر اہم شعبوں میں اگر مزید خرابی نہیں ہوئی تو حالات میں بہتری بھی نہیں ہو پائی۔ رپورٹ میں پیش کیے گئے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے خاص طور سے عدلیہ، خواتین کی تعلیم، بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے حالات اور خواتین کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ ونی اور دیگر رسموں کے نام پر خواتین کے خلاف ہونے والی معاشرتی زیادتیوں کے واقعات کا سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا لیکن آئی اے رحمن کے کہنے کے مطابق انہیں پھر منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا۔
کمیشن کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس عرصے میں عدالت عظمٰی کی توجہ کا بڑا مرکز پتنگ بازی اور شادی کا کھانا جیسے امور رہے نہ کہ ملک کے زیادہ اہم واقعات۔ کمیشن کی رپورٹ میں عدلیہ کے علاوہ حکومت کی کارکردگی، لاقانونیت کی صورت حال، دہشت گردی کے مبینہ الزام میں لوگوں کی گرفتاری یا گمشدگی سے لے کر آزادی اظہار اور مذہبی آزادی کے معاملات پہ تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر دو ہزار چار سے اگست دو ہزار پانچ تک ملک میں تین سو چھیاسٹھ خواتین کی اجتماعی آبرو ریزی کی گئی جبکہ اکہتر بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ایک کروڑ کم سن بچے نوکری کرتے ہیں جبکہ ستر ہزار کے قریب سڑکوں پہ زندگی بس کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ اس تمام عرصے میں جب سے کمیشن سالانہ رپورٹ شائع کررہا ہے حکومت کی سوچ میں بہت زیادہ بہتری دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔
عاصمہ کا کہنا تھا کہ ’جیسا کہ ہم نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ صرف علامات نہیں دیکھنا چاہیے یہ بھی دیکھنا چاہیں کہ کیا ملک میں کوئی ایسی مشینری ہے جوکہ ان مسائل کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے تو ہم نے یہ دیکھا کہ ملک میں کوئی نظام موجود نہیں ہے اور جہاں پر خلاف ورزیاں ہوتی بھی ہیں وہاں پہ لوگوں کے آنسو بھی نہیں پونچھے جاتے ہیں‘۔ اس سوال پر کہ ہر سال اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے سے کیا فائدہ ہوتا ہے تو عاصمہ کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو کم از کم یہ پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کی اس رپورٹ پر ابھی حکومت کی جانب سے کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ |
اسی بارے میں ’ایسے انتخابات بے معنی ہیں‘27 August, 2005 | پاکستان ’کیس کچھ کمزور ہے‘30 August, 2005 | پاکستان عاصمہ: کوہلو میں جھگڑا سڑک کاہے27 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||