ناران میں کسانوں کو مشکلات | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مرکز وادیِ ناران کے کسان اپنے آلو کی فصل کی مناسب دام نہ ملنے کی وجہ سے سخت پریشان ہیں۔ ناران کے ایک کسان فضل ربی نے بی بی سی کو بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے سڑک کی حالت خراب ہے، معمول کے مطابق گاڑیاں نہیں چل رہیں اور خریدار ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تین سو روپے فی بوری بھی آلو خریدنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین من یعنی ایک سو بیس کلو گرام فی بوری میں آتے ہیں اور ایک بوری بالا کوٹ اور مانسہرہ میں اٹھارہ سو سے دو ہزار روپے میں بکتی ہے۔ لیکن ان کے مطابق بیوپاری کہتے ہیں کہ جس کو آلو بیچنے ہیں وہ انہیں بغیر کسی ادائیگی فراہم کریں اور وہ جب بیچیں گے تو انہیں رقم دی جائے گی۔ ایک اور کسان محمد زمان نے بتایا کہ بیوپاری تین سو روپے فی بوری کرایہ لیتے ہیں۔ ان کے مطابق بیوپاری کسانوں سے بڑی زیادتی کرتے ہیں اور انہیں اپنی چھ ماہ کی محنت کی لاگت کے برابر بھی رقم نہیں ملتی۔ محمد فاروق نامی ایک اور کسان نے بتایا کہ آج کل زمینوں پر برف پڑی ہوئی ہے اور سخت سردی میں برف تلے آلو نکالے جاتے ہیں اور یہ فصل ہی ان کے بچوں کے پیٹ پالنے کا ذریعہ ہے۔ کاغان سے ناران تک کئی مقامات پر سڑک کنارے آلو کی بوریاں بھری نظر آئیں جبکہ کچھ ٹرک آلو کی بوریوں سے بھرے ہوئے تھے اور وہ بالا کوٹ جا رہے تھے۔ ایک ٹرک کو روک کر جب ڈرائیور سے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ڈیزل پچاس روپے لیٹر ملتا ہے اور سڑک دشوار ہے اور اس لیے تین سو روپے فی بوری کرایہ لیا جاتا ہے۔ اس ٹرک میں ہی سوار ایک بیوپاری ہاشم خان نے کہا کہ بالا کوٹ تک تین سو روپے اور مانسہرہ تک ٹرک والے ساڑھے تین سو روپے کرایہ لیتے ہیں۔ بالا کوٹ میں کھپت بہت کم ہے کیونکہ وہاں امدادی سامان بہت ہے اور پانچ سے سات سو روپے میں بوری بکتی ہے جبکہ مانسہرہ میں بارہ سو روپے تک بوری بکتی ہے۔ ناران جانے سے پہلے جب بالا کوٹ کے بازار میں ایک سبزی فروش محمد حسن سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اٹھارہ سو روپے فی بوری میں آلو خریدتے ہیں۔ |
اسی بارے میں وادی نیلم میں خوراک کی قِلّت20 November, 2005 | پاکستان ناران میں برفباری، نئی مصیبتیں25 November, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||