مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، اسلام آباد |  |
 | | | آٹھ اکتوبر کو آنے والے زلزلے میں اسلام آباد کے مارگلہ پلازہ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا تھا |
پاکستان کے مختلف علاقوں میں اتوار کی شب پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ پاکستان کے میٹ آفس کے مطابق ان جھٹکوں یا آفٹر شاکس کی شدت ریکٹر سکیل پر پانچ اعشاریہ نو ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ان جھٹکوں کی شدت ریکٹر سکیل پر چھ ریکارڈ کی گئی ہے یہ جھٹکے آٹھ اکتوبر کے زلزلوں کے بعد سب سے زیادہ شدید آفٹر شاکس تھے۔ پاکستان کے میٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل قمرالزمان کے مطابق ان جھٹکوں کا مرکز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے چالیس کلومیٹر شمال مغرب تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹھ اکتوبر کے زلزلے کے بعد ان آفٹر شاکس کے بارے میں محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کہا ہوا ہے کہ یہ جھٹکے اگلے دو سے تین ہفتے تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان جھٹکوں سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے اور پہلے سے متاثرہ عمارتیں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ جھٹکے اسلام آباد سمیت ہزارہ ڈویژن، شمالی علاقہ جات ،صوبہ سرحد کے شہر پشاور مانسہرہ اور ایبٹ آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں محسوس کئے گئے۔تاہم ان علاقوں سے ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہے۔ |