مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 | | | ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے |
پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہفتے کو آنے والے زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد تقریباً پچیس ہزار ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی تریسٹھ ہزار سے اوپر پہنچ گئی ہے۔ نیشنل کرائسس مینیجمنٹ سیل کے ڈائریکٹر کرنل عمران نے بی بی سی کو بتایا کہ اس زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو گی۔ ان کے مطابق ابتک پچیس ہزار لوگوں کی اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تاہم ان کے مطابق اس میں وہ ہزاروں افراد شامل نہیں ہیں جو یا تو لاپتہ ہیں یا وہ ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے حوالے سے کہا ہے کہ خوراک اور دوائیاں تو وافر مقدار میں پہنچا دی گئی ہیں جبکہ متاثرین کو خیموں کی فراہمی میں دشواری ہو رہی ہے کیونکہ خیمے نایاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں تک جانے والی تمام سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار کے مطابق ابھی بھی زلزلے سے کچھ متاثرہ چھوٹی آبادیاں ایسی ہیں جن تک ابھی فوجی یا سول امدادی ٹیم کی رسائی نہیں ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ آبادیاں ہیں جو چند گھروں کی صورت میں پہاڑوں پر رہتی تھیں اور جن تک سڑک کی رسائی پہلے بھی نہیں تھی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فوج کی امدادی ٹیم ان علاقوں میں بھی پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ |