پولنگ سٹیشن کے باہر دھماکہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ میں ایک پولنگ سٹیشن کے باہر دھماکہ ہوا ہے لیکن کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ پولیس انسپکٹر بلخ شیر نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ لڑکوں کے سرکاری ہائی سکول کی عمارت کے ساتھ ہوا ہے جہاں کل بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت فرنٹیئر کور اور پولیس اہلکار عمارت کے اندر موجود تھے لیکن انھیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ ضلع بولان کے اس علاقے میں ضلعی ناظم کے عہدے کے لیے صوبائی وزیر عاصم کرد گیلو کے حمایتی امیدوار اور وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کے حمایتی امیدوار کے ما بین سخت مقابلہ متوقع ہے۔ دو روز قبل کولپور کے علاقے میں نا معلوم افراد نے گیس پائپ لائنوں کو دھماکوں سے اڑا دیا تھا جبکہ گزشتہ رات تربت میں حکمران مسلم لیگ کے مقامی دفتر میں دھماکہ ہوا تھا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ آج صبح کوئٹہ میں ایک دھماکے کی آواز سنی گئی ہے لیکن سرکاری سطح پر اس دھماکے کے مقام کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||