گلگت والوں کی باتیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی علاقہ جات میں بات کہیں سے بھی شروع کریں گھوم پھر کر اس دلکش پہاڑی علاقے کی آئینی حثیت اور یہاں موجود فرقہ وارانہ کشیدگی پر آجائے گی۔ یہی موضوعات یہاں کے لوگوں کی زبان پر ہیں اور انہیں کا جواب اور حل وہ تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔ یہی سب کچھ بی بی سی اردو سروس کی سنگت مہم کے سلسلے میں گلگت میں منعقد تبادلہ خیال کی ایک محفل میں بھی سننے کو ملا۔ اس تبادلہ خیال کے لیے موضوع تھا ’شمالی علاقہ جات کی ترقی کیسے ممکن ہوگی؟‘ لیکن دو گھنٹے کی بحث کے اختتام پر معلوم ہوا کہ اس علاقے کی اہم ضرورت یہاں پائیدار امن کا قیام اور اس کی آئینی حیثیت کا تعین ہے۔ گلگت میں مخصوص حالات کی وجہ سے اس محفل کا انعقاد ہی آخری وقت تک غیریقینی رہا۔ یہی وجہ تھی کہ اس ملاقات میں مدعو مہمانوں کی تعداد بھی ابتدائی منصوبے سے کافی کم رکھی گئی۔ پھر بھی جنہیں دعوت دی سب آئے۔ اس کی بڑی وجہ گلگتیوں کے مطابق بی بی سی پر ان کا اعتقاد اور اعتماد ہے۔
میر غضنفر علی خان اور ملک محمد مسکین نے تصویر کا سرکاری رخ بتاتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی اعتبار سے بہت کام ہو رہا ہے تاہم اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ میر غضنفر نے ترقیاتی فنڈز جبکہ ملک مسکین نے امن کو علاقے کی اہم ضروریات قرار دیا۔ شیرباز برچہ نے امن کے لیے یہاں کا سکھ چین تباہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہ سو ستتر میں بھی فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی تھی لیکن انگریزوں نے بزور طاقت اسے کچل دیا تھا۔
پینل کی خاتون رکن امبر حسین نے خواتین کے مسائل پر روشنی ڈالی اور تعلیمی سہولیات کی کمی اور بے روزگاری کو اکثر مسائل کی جڑ قرار دیا۔ مختصر تقاریر کے بعد سوال جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس میں ابتداء میں تقریباً نوے فیصد شرکاء نے شمالی علاقاجات کی آئینی حثیت کے بارے میں پوچھا۔ تاہم قانون ساز کونسل کے اختیارات، فرقہ واریت اور سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا۔ بی بی سی اجتماع میں گلگت میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ ان میں صحافی بھی تھے اور وکلاء بھی، استاد بھی تھے اور نوجوان طالب علم بھی۔
بعد میں شرکاء سے اس ملاقات کے بارے میں رائے جاننے کی کوشش کی تو وہ بھی ملی جلی نظر آئی۔ کسی نے اسے محض چائے پلانے کا بہانہ قرار دیا جبکہ کئی نے اسے تبادلہ خیال کا اہم ذریعہ مانا۔ بی بی سی سنگت کی ٹیم کا اگلا پڑاؤ اب ہنزہ کی دلکش وادی میں ہوگا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||