سردار قیوم دہلی جا رہے ہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اہم رہنما اور سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم خان کی سربراہی میں ایک پندرہ رکنی وفد بھارت کے سرکاری امداد سے چلنے والے ادارے انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز کی دعوت پر ایک ہفتے کے دورے پر سنیچر کے روز دہلی جا رہا ہے جہاں وہ دونوں اطراف کے کشمیریوں کی کانفرنس کی میں شرکت کرے گا۔ برصغیر کی تقسیم کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے سیاسی رہنما بھارت جا رہے ہیں ۔ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ دورہ بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے عمل کے باعث ممکن ہوا ہے ۔ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں انڈین کونسل آف ورلڈ افیئرز کے زیر اہتمام بیس ستمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ کانفرنس میں کشمیر کے دونوں اطراف سے مختلف نظریات کے حامل سیاسی رہنماؤں کے علاوہ دانشوروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے سردار عبدالقیوم خان کی سربراہی میں جانے والے ودفد میں کشمیر کے اس علاقے کی کابینہ کے وزیر حافظ حامد رضا ، وزیراعظم کے مشیر راجہ فاروق حیدر خان اور حکومت کی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام جموں کشمیر کے سربراہ اور رکن قانون ساز اسمبلی پیر عتیق الرحمان فیض پوری شامل ہیں۔ اگرچہ دونوں طرف کے کشمیری رہنماؤں کے درمیان مختلف اوقات میں مختلف جگہوں پر ملاقاتیں تو ہوتی رہیں لیکن یہ ملاقاتیں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علحیدگی پسند رہنماؤں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے رہنماؤں کے درمیان محدود رہیں ۔لیکن اس بار یہ اسلئے اہم ہے کہ پہلی مرتبہ ریاست کشمیر کا ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے حامی سیاسی رہنماؤں سے لے کر خودمختار کشمیر کے حامی لوگ آپس میں مل رہے ہیں ۔ اس کانفرنس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ دہلی میں ہو رہی ہے اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے سیاسی رہنما اٹھاون سالوں میں پہلی مرتبہ دہلی جارہے ہیں۔ واضع رہے کہ سردار عبدالقیوم سمیت کشمیر کے اس علاقے کے کئی رہنماؤں نے جمعے سے جموں یونیورسٹی کے زیر اہتمام جموں میں شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کرنے سے اسلئے معذوری ظاہر کی تھی کہ وہ جموں بھارتی ویزے پر نہیں جائیں گے کیوں کہ ان کے خیال میں ایسا کرنا کشمیر پر ہندوستان کی حکمرانی تسلیم کرنے کے مترادف تھا جموں کے دورے سے انکار والوں میں صرف وہ سیاسی رہنما ہیں جو کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کے خواہاں ہیں ۔ لیکن ان رہنماؤں نے جموں جانے سے انکار اپنے طور پر کیا یا کسی کے کہنے پر اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے ۔ البتہ جموں میں ہارٹ ٹو ہارٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے کشمیر کے اس علاقے سے ایک آٹھ رکنی وفدگیا جس میں خود مختار کشمیر کی حامی تنظیموں پر مشتمل کل جماعتی اتحاد کے سربراہ عارف شاہد بھی شامل ہیں۔ جموں جانے والے لوگ بعد میں دہلی کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ واضع رہے کہ جموں اور دہلی میں ہونے والی کانفرنسوں کے انعقاد میں تعاون بعض کشمیری سیاست دانوں اور دانشوروں پر مشتمل کوآرڈینشن کمیٹی کر رہی ہے۔ اس کمیٹی کے منتظم بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ایک سیاست دان بھیم سنگھ ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||