افسر دیسی، بیگم پردیسی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں پیش کردہ معلومات میں بتایا ہے کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری ریاض محمد خان سمیت دس ایسے افسران ہیں جن کی بیگمات غیر ملکی ہیں۔ وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے حزب اختلاف کی خاتون رکن روبینہ سعادت قائم خانی کے سوال کے جواب میں بتایا ہے کہ گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے ان افسران نے غیر ملکی خواتین سے شادی کرنے کے لیے وزیراعظم سے پیشگی اجازت لی تھی۔ حکومت کی جانب سے پیش کردہ فہرست کے مطابق بیلجیم، کوریا اور سینیگال میں ترتیب وار تعینات سفیروں سعید خالد، مسعود خالد اور عبدالمالک عبداللہ کی بیویاں بھی غیر ملکی ہیں۔ کراچی کے کیمپ آفس میں ڈپٹی چیف آف پروٹوکول کے طور پر کام کرنے والے طارق اقبال سومرو، ماسکو میں تعینات فرسٹ سیکریٹری ظہیر اے جنجوعہ، استنبول میں سیکنڈ سیکریٹری مراد اشرف جنجوعہ، لزبن میں تھرڈ سیکریٹری احمد حسین دایو، بلغراد کے قونصلر اے ایس بابر ہاشمی اور ان دنوں چھٹی پر گئے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم اقبال بھی اس فہرست میں شامل ہیں جن کی بیگمات غیر ملکی ہیں۔ وزیر کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کسی غیر ملکی خاتون سے شادی کرنے کے لیے وزیراعظم سے پیشگی اجازت لینی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق اس فہرست میں شامل تمام افسران نے مختلف اوقات میں وقت کے وزرائےاعظم سے باضابطہ درخواست کی تھی اور ان کی منظوری ملنے کے بعد ہی انہوں نے شادیاں کیں۔ حکومت کی جانب سے پیش کردہ اس فہرست میں یہ تفصیل فراہم نہیں کی گئی کہ کس افسر کی بیوی کس ملک کی شہری ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||