کراچی: حادثے میں آٹھ مزدور ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے قریب سڑک کے ایک حادثے میں آٹھ مزدور ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ حادثے صبح آٹھ بجے کراچی سے قریب گھگھر پھاٹک پر اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک اور ایک تیز رفتار ڈمپر کی آمنے سامنے زوردار ٹکر ہوگئی۔ نتیجے میں آٹھ مزدور موقعے پر ہلاک جبکہ بارہ زخمی ہوگئے جن کو جناح ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان کی شناخت شرف الدین، محمد اسماعیل، محمد الیاس، اسلام خان، سلیمان خان اور آزاد خان کے نام سے کی گئی ہے۔ جبکہ دو مزدوروں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی۔ جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ بارہ میں سے تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مزدور کسی کام کے سلسلے میں ٹھٹہ کے علاقے دھابیجی جا رہے تھے کہ ان کا ٹرک حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے کی باعث کافی دیر تک قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی اور بڑی تعداد میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جس وجہ سے لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مزدروروں کا تعلق کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن سے تھا جبکہ کے ای ایس سی کے محکمہ عوامی رابطہ کا کہنا ہے کہ ٹرک اور ہلاک ہونے والوں کا ان کے ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور پولیس غلط بیانی کر رہی ہے۔ اسی سڑک پر ایک اور بس کے حادثے میں ایک شخص فیاض ہلاک ہوگیا۔ جبکہ چھ مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||