بلوچستان: انتخابی جھگڑے، 23 زخمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے بارہ اضلاع میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بعض حلقوں میں تشدد کے وقعات میں تئیس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ژوب میں کلی شیخاں کے علاقے میں دو مخالف گروہوں میں جھڑپ میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں مجموعی طور پر انیس افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ سول ہسپتال سے ڈاکٹر حیدر نے بتایا ہے کہ یہ افراد ہاتھا پائی، پتھراؤ، اور لاٹھیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ کوہلو اور پنجگور کے کچھ علاقوں میں حالات کشیدہ بتائے گئے ہیں۔ کوہلو میں آج صبح فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کل رات نامعلوم افراد نے تین راکٹ داغے تھے جو کھلے میدان میں گرے۔ مکران ڈویژن کے شہر تربت میں کل رات دو دھماکے ہوئے لیکن ان سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ قلات سے مقامی صحافی محمود نے بتایا ہے کہ کچھ پولنگ سٹیشنوں پر مہر لگانے والے پیڈ ناقص تھے جس وجہ سے پولنگ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑی۔ اس کے علاوہ قلات میں کلی زیارت میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ناظم کا نام ایک یونین کونسل میں تھا اور نائب ناظم کا نام دوسری یونین کونسل میں پایا گیا۔ قلات سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں حد بندیاں تبدیل کی گئی ہیں جس وجہ سے ناظم یونین کونسل چھتر اور نائب ناظم یونین کونسل دشت گوران میں شامل کر دیے گئے۔ اس بارے میں صوبائی الیکشن کمشنر چوہدری قمر زمان سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ حد بندیاں پہلے سے کی گئی ہیں اور غلطی امیدواروں کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ امیدوار اس حلقے کا ووٹر ہی نہیں ہے جہاں کاغذات جمع کر ائے گئے ہیں۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ جب امیدوار ووٹر ہی نہیں ہے تو اس کے کاعذات کیسے منظور کر لیے گئے تو انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی غلطی نہیں ہے۔ بلدیاتی انتحاب کے پہلے مرحلے میں بلوچ قوم پرست جماعتوں میں نیشنل پارٹی نے زیادہ نشستیں جیتی ہیں اور دعوی کیا ہے کہ وہ اتحادیوں سے مل کر گوادر خضدار اور آواران میں اپنی ضلعی حکومت قائم کریں گے۔ لورالائی سے جماعت اسلامی کے لیڈر عبدالمتین اخوانزادہ نے کہا ہے دکی میں مسلم لیگ نواز گروپ کے حمایتی امیدوار نے ایک پولنگ سٹیشن پر قبضہ کر رکھا ہے اور ان کے ووٹرز اور امیدواروں کو پولنگ سٹیشن کے اندر بھی نہیں جانے دیا جا رہا۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اس بارے میں مقامی انتظامیہ کو احکامات دے دیے گئے ہیں اور معاملہ حل کر دیا جائے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||