لاپتہ کشمیر چرواہے کی لاش برآمد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان کی فوج کے ایک مقامی ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے منگل کی رات کو اس معمر پاکستانی شہری کی میت پاکستانی فوج کے حوالے کر دی جو پیر کی شام کو لائن آف کنڑول کے قریب مویشی چراتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے ۔ ساٹھ سالہ عبدالرحمٰان کا تعلق مظفرآباد کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سرحدی علاقے وادی لیپہ کے ایک گاؤں بجل دار سے تھا۔ مقامی لوگوں اور انکے عزیزوں کو خدشہ تھا کہ انہیں بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔ منگل کو رات گئے مظفرآباد میں پاکستان کی فوج کے ایک ترجمان فاروق ناصر پیرزادہ نے بی بی سی کو بتایا کہ بھارتی فوج نے یہاں کے مقامی وقت کے مطابق رات کو تقریباً آٹھ بجے ساٹھ سالہ عبدالرحمٰان کی میت کو پاکستان کی فوج کے اس دستے کے حوالے کی جو ان کی تلاش میں مصروف تھی۔ فوجی افسر فاروق پیرزادہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ان کو بتایا کہ انہوں نے اس معمر شخص کو ہلاک نہیں کیا بلکہ ان کی لاش بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں پڑی ہوئی ملی۔ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ان کو نہیں معلوم کہ یہ معمر شخص لائن آف کنڑول کے دوسری جانب کیسے پہنچے ۔ پاکستان کے فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر گولی یا تشدد کا کوئی نشان نہیں تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہلاکت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||