کنٹرول لائن پر فوجی تعمیرات بند | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت نے پیر کو لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی جاری رکھنے اور ایل او سی پر کوئی نئی چیک پوسٹ یا دفاعی تعمیرات نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نعیم خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ دونوں ممالک کے حکام نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں روایتی ہتھیاروں کے بارے میں بات چیت کے دوران فیصلہ کیا کہ دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور کارگل، اڑی، نوشہرہ اور جموں میں ماہانہ فلیگ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ دونوں ملکوں کے حکام نے ایک دوسرے کی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں نہ کرنے کے ایک پرانے معاہدے کی بھی توثیق کی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں جانب سے لائن آف کنٹرول غلطی سے عبور کرنے والے افراد کو واپس کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس بارے میں ایک تفصیلی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے حکام اعتماد بڑھانے کے اقدامات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے پر بھی متفق ہو گئے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس بات چیت کو انتہائی مفید قرار دیا اور کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے درمیان گزشتہ ماہ کے آخر میں ہونے والی بات چیت میں بھی اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما اشتعال انگیز بیانات دینے سے گریز کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||