کوئی نیا ٹیکس نہیں آئے گا: پنجاب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے صوبائی وزیر خزانہ حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ پنجاب کے اگلے مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ بدھ کو لاہور میں مِلینیم ڈیویلپمینٹ رپورٹ سنہ دو ہزار چار کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے ان قیاس آرائیوں کی تردید کی کہ پنجاب میں جائیداد پر کوئی ٹیکس لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور صحت اور تعلیم پر مختص رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان کے وزیر خزانہ کی درخواست پر جمعرات کے روز اسلام آباد میں بلوچستان ہاؤس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ چھٹے قومی مالیاتی ایوارڈ (این ایف سی ایوارڈ) پر اتفاق رائے کے لیے ایک غیر رسمی ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی خواہش ہے کہ سالانہ وفاقی بجٹ سے پہلے این ایف سی ایوارڈ آجائے۔ صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ سندھ کا انفرادی انکم ٹیکس کی وصولی کے اعتبار سے این ایف سی ایوارڈ طے کرنے کا مطالبہ غیر آئینی ہے اور اس سے ملک کے مختلف حصوں کے درمیان فرق میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سندھ کے مطالبہ کی مخالفت کرتا ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے ایک اعلی افسر کا کہنا تھا کہ زیادہ امکان یہی ہے کہ این ایف سی کا فیصلہ اب بجٹ پیش کیے جانے کے بعد ہوگا۔ دوسری طرف سرحد کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ این ایف سی کا فیصلہ بجٹ سے پہلے نہ ہوا تو صوبوں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||