سیاچن پر مذاکرات، 26 مئی سے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کے درمیان دنیا کے بلند ترین میدان جنگ ’سیاچن گلیشیئر‘ کے بارے میں بات چیت چھبیس مئی کو راولپنڈی میں ہوگی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان جلیل عباس جیلانی کے مطابق وزارت دفاع کے سیکریٹری لیفٹیننٹ جنرل ( ر) طارق وسیم غازی پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ وفد میں وزارت خارجہ اور دفاع کے تین اور نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ بھارتی وفد کی قیادت ان کے سیکریٹری دفاع کریں گے اور مہمان وفد بات چیت کے لیے بدھ کے روز اسلام آباد پہنچے گا۔ واضح رہے کہ سیاچن گلیشیئر کے اس مقام پر کہ جہاں پاکستان فوج ہوتی تھی وہاں بھارتی فوج نے سن انیس سو چوراسی میں ضیاءالحق کے دور میں قبضہ کر لیا تھا۔ پاکستان کا اس وقت سے موقف رہا ہے کہ بھارتی افواج نے سن انیس سو بہتر میں ہونے والے شملہ معاہدے اور سن انیس سو اننچاس میں کیے گئے کراچی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان کا مطالبہ رہا ہے کہ بھارت سن بہتر کی اپنی پوزیشن پر واپس جائے اور مقبوضہ علاقہ خالی کرے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سن انیس سو نواسی میں طے پایا تھا کہ بھارت اپنی پرانی پوزیشن پر واپس جائے لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں جامع مذاکرات کے سلسلے میں اعتماد سازی کے اقدامات کے بارے میں ہونے والی مجوزہ بات چیت کے دوران پاکستان اپنا موقف دہرائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||