مسلمانوں سے عالمی احتجاج کی اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عالمی یوم احتجاج کے حوالے سے اسلامی ممالک اور بین الاقوامی اسلامی تنظیموں کو خطوط لکھے گئے ہیں تاکہ ستائیس مئی کو پوری دنیا کے مسلمان احتجاج کریں۔ یہ احتجاج گوانتنامو بے میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف ہو گا اس سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انھوں نے اور قاضی حسین احمد نے مختلف اسلامی ممالک کے سربراہوں اور اسلامی تنظیموں کو خطوط لکھے ہیں اور پوری دنیا میں اس بارے میں احتجاج اور مظاہرے ہوں گے ۔ مولانا فضل الرحمان آج شام کوئٹہ پہنچے جہاں سے وہ نوشکی خاران اور پنجگور کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان این اے دو سو اکہتر پر ضمنی انتخاب کے لیے اپنے امیدوار کی حمایت کے لیے آئے ہیں۔ یہ نشست متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولوی رحمت اللہ کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ اس نشست پر متحدہ مجلس عمل کے امیدوار حافظ محمد اعظم کے علاوہ حکمران مسلم لیگ کے سردار فتح محمد حسنی اور بلوچ قوم پرست جماعت نیشنل پارٹی کے امیدوار عبدالخالق میدان میں ہیں۔ سردار فتح محمد حسنی پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر تھے لیکن صدر مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد باہر ملک چلے گئے اور اب واپسی پر پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر مسلم لیگ قائد اعظم میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی پر یہ واضح دکھایا گیا ہے کہ ایک باوردی شخص ایک سیاسی جماعت کی صدارت کر رہا ہے اور سیاسی جماعت کے قائدین کا تصفیہ کرا رہا ہے جس کے خطر ناک نتائج نکلیں گے کیونکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ فوجی حکمران سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے صدر مشرف کے اس بیان پر کہ وہ مجلس عمل کے ساتھ نہیں چل سکتے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی لوگ ہیں صدر مشرف ڈکٹیٹر ہیں اس لیے سیاسی لوگ اور ڈکٹیٹرز کبھی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ اسلام کے ٹھیکیداروں کے حوالے سے انھوں نے کہا ہے کہ مجلس عمل اسلام کی چوکیدار ہے اور جہاں کہیں اسلام کے شعائر پر حملہ ہوگا مجلس عمل اس کا دفاع کرے گی۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا وہ صدر کے مواخذے کی کوئی تحریک اسمبلی میں لائیں گے تو انھوں نے کہاں ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے کیونکہ یہ سوال ہی غلط ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||