BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 16 May, 2005, 14:05 GMT 19:05 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کراچی کا کوچۂ ثقافت

کوچۂ ثقافت
کوچۂ ثقافت میں کئی طرح کے دستکاروں سے آپ کا سامنا ہو سکتا ہے
کراچی کے پرانے ہندو جمخانےاور آرٹس کونسل کی عمارتوں کے درمیان سڑک ہر ہر اتوار کو ایک میلہ لگتا ہے۔ اس سڑک کو جہاں یہ میلا لگتا ہے آرٹس کونسل اور سندھ کلچر اینڈ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ نے مل کر کوچہء ثقافت کے نام سے تعبیر کیا ہے۔

اس کوچہء ثقافت میں یوں تو کوئی نئی بات نہیں ہے مگراس کی موضوعاتی تقسیم میں فن وثقافت کے سب رنگ بھرنے کی کوشش کی گئی ہے جو منفرد ہے آپ یہاں داخل ہوتے ہی جو بات سب سے پہلے آپ کے سامنے آئے گی وہ ہے آؤ رنگ بھریں۔

کوچہءثقافت کےاس حصے میں شہر کے نامور مصور اور مجسمہ ساز نہ صرف یہ کہ اپنے فن پاروں کے ساتھ دستیاب ہوسکتے ہیں بلکہ بعض نوجوان فنکار آپ کا خاکہ بھی بنا کر دے سکتے ہیں۔ یہاں آپ بیشتر نوجوان فنکاروں کے فن پارے جن میں خطاطی کا اچھا کام بھی شامل ہے خرید سکتے ہیں اگر آپ کی جیب اس کی اجازت دے۔

اس کے علاوہ فریئر ہال میں گزشتہ کئی برس سے لگنے والے کتب میلہ کو امریکی قونصل خانہ اور قونصل جنرل کی رہائش گاہ کو لاحق خطرات کےسبب لئے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بعد خریداروں اور فریئر ہال پارک آنے والوں کی کمی کا سامناتھا مگر اب کتابیں اور کتب بین آپ کو اسی کوچہءثقافت کے اس حصے میں نظر آئیں گے جس کا نام ہے آؤ کتاب پڑھیں۔

اس حصے میں جہاں آپ کو کتابوں کے مختلف سٹالز ملیں گے وہیں سٹیشنری اور بچوں کیلئے خاص طور پر تیار کئے گئے تعلیمی پروگرام بھی۔

کتابیں اور سی ڈیز خریدتے ہوئے ایک پرجوش خاتون کو اس بات کا افسوس تھا کہ فورینزک میڈیسن کی ایک کتاب جو آؤ کتاب پڑھیں والے حصے میں چارسو روپے میں دستیاب تھی وہ لندن سے پندرہ پاؤنڈز میں خرید چکی تھیں۔

News image
کوچۂ ثقافت میں ہر اتوار کو میلے کا اہتمام کیا جاتا ہے

اس حصے میں خاص طور پر پرانی کتابوں کے سٹالز بھی ہیں تاکہ فریئر ہال کے لان پر اجڑنے والے کتب میلہ کا ازالہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ادیب یا شاعر سے آپ کی ملاقات ہو سکتی ہےاور آپ ان کی کوئی بھی کتاب پر ان کے دستخط لے سکتے ہیں۔

کوچہءثقافت کمیٹی کے سربراہ سیف الرحمن گرامی کے مطابق اس میلے کو ہر اتوار کو سجانے کا بنیادی مقصد کراچی کےاس پرانے علاقے کو آئی آئی چندریگر روڈ سے چند قدم کے فاصلے پر واقع ہے، صحیح معنوں میں ایک کلچرل ویلیج یا ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کراچی کے شہریوں کو ایک شام صاف ستھرے ماحول میں منانے کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

کوچہءثقافت میں موسیقی اور سٹریٹ تھیٹر کا بھی انتظام ہے جو صبح سے رات گئے تک جاری رہنے والی اس سرگرمی میں شام کو عروج پر ہوتا ہے۔ ایک سڑک پر بنائے گئے اس کوچے میں کھانے پینے کا انتظام کچھ بدنظمی اور گندگی کاباعث ہے اور کچھ یہاں کے ماحول سے مطابقت بھی نہیں رکھتا مگر لوگ ایک طرف کھائے پیئے بغیر نہیں رہتے اور پھر کچرا پھیلائے بغیر بھی نہیں۔

کوچہءثقافت میں آپ کی ملاقات ایک نہایت با صلاحیت فنکار عبدالکریم سولنگی سے ہوسکتی ہے جو ساکت اور متحرک دونوں قسم کے ماڈل بنانے کے ماہر ہیں۔

ان کے سٹال پر آپ سندھ کے مشہور لوک فنکار جلال چانڈیو کے ایک چھوٹے ماڈل کو ساز بجاتے اور گاتے دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں سندھ کی تہذیب اور ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے کئی ساکت منظر مجسمہ سازی کے کمال فن کے ساتھ ملیں گے۔

سولنگی کا یہ دل موہ لینے والا کام برائے فروخت نہیں ہے وہ صرف سندھ کے اصل کلچر کو یہاں کی شہری آبادی کو دکھانا چاہتے ہیں۔

کوچہءثقافت کا آخری گوشہ ہے آؤ ہنرمندوں سے ملیں جہاں ایسے دستکاروں اور ان کے کام کو اکٹھا کیا گیاہے جو اپنے گھروں میں کام کرتے ہیں مگر براہ راست اپنی تیار کردہ مصنوعات کو فروخت نہیں کرتے۔

سیف الرحمن گرامی کے مطابق کوشش یہ کی گئی ہے کہ ان ہنرمندوں کو آگے لاکر غربت کے خاتمہ میں حصہ ادا کیا جائے اس گوشہ میں آپ ایک بہت ہی کم گو کمہار سے نہ صرف اپنی پسند کے ظروف اور دیگر مٹی کی اشیاء نہ صرف یہ کہ خرید سکتے ہیں بلکہ فرمائش کر کے کوزہ گری کا شوق بھی پورا کر سکتے ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد