علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
علامہ اقبال ٹاؤن میں تین مرلے زمین کے تنازعہ پر مسجد کمیٹی کے اراکین نے دو افراد کے خلاف توھین مذہبی عقائد کا مقدمہ درج کرا دیا ہے اور پولیس نے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ تھانہ اقبال ٹاؤن میں درج ایف آئی آر کے مطابق بدر پورہ کے علاقے کے رہائشی ملزمان محمد جاویداور محمد فاروق کا کہنا تھا کہ جامع مسجد مدنیہ کی حالیہ توسیع میں جو تین مرلے اراضی اس کے صحن میں شامل کی گئی ہے وہ ان کی ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے مبینہ طور پر مزدور بلوا کر نو تعمیر شدہ دیوار مسمار کر دی اس پر مسجد میں اعلانات ہوۓ اہل علاقہ اکٹھے ہوگئے۔ احتجاجی مظاہرہ ہوا اور سڑک بلاک کر دی گئی۔ پولیس نے مداخلت کی تھانے میں غیر رسمی پنچائت لگی جس میں ایس ایچ او ملزمان سے اراضی کی ملکیت کے ثبوت مانگے اور ملزمان نے جو دستاویزات دیں وہ مبینہ طور پر تھانیدار کو تسلی بخش نہ لگیں جس پر پولیس نے مسجد کمیٹی کے سیکرٹری سلطان احمد کے بیان میں توھین مذہبی عقائد کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ مزدور فرار ہوگئے ہیں۔ |