دل کی تکلیف، ہسپتال داخل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کو دل کی تکلیف کی وجہ سے دبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری کو ریڑھ کی ہڈی میں سخت درد ہوا ہے جس وجہ سے ان کے دل پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ان کے مطابق سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بھی اس وقت ہسپتال میں اپنے شوہر کے ہمراہ موجود ہیں۔ فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر سنیچر کے روز کسی بھی وقت آصف زرداری کی اینجو گرافی کریں گے اور انہیں چار پانچ روز تک ہسپتال میں ہی رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو آصف علی زرداری کے معالج ہیں انہیں بھی دبئی بلایا گیا ہے کیونکہ وہ ان کی بیماری کی ’ہسٹری‘ جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف قتل اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت ایک درجن سے زیادہ مقدمات درج ہیں۔ حکومت نے سوئس عدالت میں کالے دھن کو سفید کرنے کے بارے میں بھی ایک مقدمہ دائر کر رکھا ہے جس کی ماہ رواں کے دوسرے ہفتے میں سماعت ہونی ہے۔ آصف زرداری مسلسل آٹھ برس سے بھی زیادہ عرصہ جیل میں رہ چکے ہیں اور گزشتہ سال سپریم کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد حکومت نے انہیں رہا کیا تھا۔ بینظیر بھٹو کے خلاف بھی کئی مقدمات درج ہیں اور انہوں نے خودساختہ جلاوطنی اختیار کرکے بچوں سمیت دبئی میں رہائش رکھی ہوئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||