پاکستان کو F-16 فروخت کریں گے، | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش نے جمعہ کو وزیر اعظم من موہن سنگھ سے فون پر رابط کرکے انہیں پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فروخت کرنے کے امریکی فیصلے سے آگاہ کیا۔ بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے ذرائع ابلاغ کے مشیر سنجے بارو نے بی بی سی کو بتایا کہ صدر بش نے ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے علاوہ وزیر اعظم من موہن سنگھ سے کئی دوسرے معاملات پر بھی گفتگو کی۔ اس گفتگو میں سب سے اہم بات پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کا امریکی فیصلہ تھا۔ سنجےبارو نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کی تفصیل فراہم نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر بش نے بھارت کے وقت کے مطابق سوا سات بجے فون کیا تھا۔ سنجے بارو کے مطابق وزیر اعظم من موہن سنگھ نے پاکستان کو ایف سولہ طیارے فراہم کرنے کے امریکی انتظامیہ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’وزیر اعظم نے بھارت کی طرف سے اس امریکی فیصلہ پر مایوسی کا اظہار کیا۔‘ وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت سے بھارت کی سلامتی کے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ سنجے بارو نے کہا کہ پاکستان کو ایف سولہ لڑاکا طیارے فروخت کرنے کے امریکی فیصلے پر بھارت کا رد عمل وزیر اعظم من موہن سنگھ کے اپنی کابینہ کے رفقا سے تبادلہ خیال کے بعد جاری کیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس کے حالیہ دورہ بھارت کے دوران بھی ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی تھی اور بھارت کو بھی ان طیاروں کی فروخت کی تجویز زیر غور آئی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||