 |  ’سیکریٹری کی سطح پر بات سے مسلہ حل نہیں ہوگا۔‘ |
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کا متوقع دورہِ بھارت صرف کرکٹ میچ دیکھنے تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ بھارت کے وزیر اعظم سے ممکنہ ملاقات کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری امن مذاکرات اور آگے بڑھیں گے۔ بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں انڈیا کے رویے میں مثبت تبدیلی تو ضرور محسوس ہوئی ہے لیکن وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ تبدیلی کب تک قائم رہ سکتی ہے۔ جنرل مشرف نے کہا کہ امن مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقاتیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چونکے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل بہت پیچیدہ ہیں لہٰذا یہ محض ’سیکریٹری کی سطح پر‘ حل ہونے والے مسائل نہیں ہیں اور دونوں ملکوں کی قومی قیادت کو ہی ان معاملات پر بات کرنا ہوگی۔ (جنرل پرویز مشرف کے اس انٹرویو کا مفصل حصہ آپ منگل پندرہ مارچ کو سیربین میں سن سکتے ہیں۔) |