’دعوت قبول ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے انڈین وزیراعظم منموہن سنگھ کی طرف سے کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے انڈیا کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ پاکستان کے دفترِخارجہ نے جمعہ کوتصدیق کی ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے صدر جنرل پرویز مشرف کو پاک بھارت کرکٹ سیریز کے دوران بھارت کا دورہ کرنے اور اس سیریز کا کوئی بھی میچ دیکھنے کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان جلیل عباس جیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان میں بھارت کے سفیر شیو شنکر مینن نے یہ دعوت نامہ پاکستانی وزارت خارجہ کے حوالے کیا۔ ترجمان نے کہا کہ دعوت نامہ ملنے کے بعد صدر جنرل پرویز مشرف کی مصروفیات کے حوالے سے ان کے شیڈول کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا صدر مشرف نے بھارت جانے کی دعوت منظور کی ہے یا نہیں۔ سفارتی مبصرین اس مجوزہ دورے کو کرکٹ ڈپلومیسی کا حصہ قرار دے رہے ہیں اور ان کے مطابق ایسے غیر رسمی دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار ماحول بنے گا جس کا اثر سرکاری سطح کے مذاکرات پر بھی ہو گا۔ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے بھارتی پارلیمان میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ اور بالی ووڈ سے زیادہ کوئی چیز قریب نہیں لا سکتی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||