ہم بھی اپیل کریں گے: شیخ رشید | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی مختاراں مائی کیس میں سے ملزمان کی بریت کے خلاف وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کے روز بی بی سی سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے بتایا کہ حکومت اپیل تیار کر رہی ہے اور جلد ہی عدالتِ عظمیٰ سے اس ضمن میں رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ زیادتی کرنے والے تمام ملزمان کو سزا ملے۔ حکومت کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک دن قبل خود مختاراں مائی نے اسلام آباد میں ایک اخباری کانفرنس میں اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ مختاراں مائی صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے کی رہائشی ہیں جہاں مستوئی قبیلے کے ایک جرگے کے حکم پر انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ واقعہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا جس کے بعد سپریم کورٹ نے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا اور خصوصی عدالت نے چھ ملزمان کو سزائے موت دی تھی۔ ملزمان نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں اپیل دائر کردی اور ہائی کورٹ نے پانچ ملزمان کو بری کرتے ہوئے صرف ایک ملزم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کرنے کا حکم سنایا۔ ہفتے کو اسلام آباد میں ایک مختصر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختاراں مائی نے کہا تھا کہ انھیں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے دھچکا پہنچا ہے اور اب ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ ادھر ممتاز قانون دان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے سپریم کورٹ میں مختاراں مائی کا کیس لڑنے کی حامی بھر لی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کیس میں اپیل ہائی کورٹ کے فیصلے کے بغور مشاہدے کے بعد ہی دائر کی جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||