مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام،اسلام آباد |  |
 |  ’پاکستان کا میڈیا پورے خطے میں سب سی زیادہ آزاد ہے۔‘ |
پاکستان نے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں حکومت پاکستان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات شیخ رشید نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں حکومت کے اوپر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا میڈیا پورے خطے میں سب سی زیادہ آزاد ہے۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیورو آف ڈیموکریسی،ہیومن رائٹس اینڈ لیبر نے پیر کو اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کا انسانی حقوق کے بارے میں ریکارڈ بدستور برا ہے گو کہ کئی شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کے کئ رہنما یا تو جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں یا پھر ان کو قید کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں عورتوں اور اقلیتوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پر ماورائے عدالت قتل کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں نیب کے کردار پر بھی تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس ادارے نے حزب اختلاف کے رہنماؤوں کو تو احتساب کے شکنجے میں جکڑا مگر فوجی حکام کا احتساب نہیں کیا گیا۔ تاہم پاکستان کے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی دفعہ کسی حکومت نے شفاف طریقے سے حکومت کرنے کی بنیاد رکھی ہے۔ |