شوکت عزیز سعودی عرب روانہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز جمعہ کے روز پاکستان کے چار روزہ دورے پر آئے ہوئے ملیشیائی وزیراعظم عبداللہ احمد بداوی کو الوداع کرنے کے بعد خود سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم شوکت عزیز جدہ مارکیٹنگ بورڈ کے چیئرمین کی دعوت پر اقتصادی فورم سے خطاب کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں اور سنیچر کے روز جدہ اکنامک فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شوکت عزیز فورم سے خطاب کے بعد سعودی عرب کے بادشاہ، شاہ فہد بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ عبداللہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ حکام کے مطابق وزیراعظم پاکستان مشرق وسطیٰ بالخصوص فلسطین کی صورتحال اور ایران کے معاملے پر بھی سعودی قیادت سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ’جدہ اکنامک فورم‘ اصل میں ’جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری‘ کی ایک شاخ ہے جو سن ننانوے میں قائم ہوئی تھی۔ اس فورم کی جانب سے اب تک پانچ سالانہ اجتماعات منعقد کیے جا چکے ہیں، جس میں دنیا کے اہم سیاسی اور اقتصادی ماہرین کو دعوت دی جاتی ہے۔ امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن، ملیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور اردن کی رانی، رانیہ اب تک اس ’تھنک ٹینک‘ سے خطاب کر چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||