آٹھ ہزارشائقین کوبھارتی ویزے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے کہا ہے بھارت کے موہالی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے آٹھ ہزار پاکستانیوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آج لاہور میں گورنر پنجاب لیفٹنٹ جنرل(ر) خالد مقبول سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ بھارت کی شمالی ریاست پنجاب کے شہر موہالی میں تقریباً ایک ڈیڑھ ہفتے پہلے سخت گیر موقف رکھنے والی ہندو تنظیم شیوسینا کے چند کارکن گرفتار کیے گئے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں کے موہالی سٹیڈیم کی پچ کھودنے کی کوشش کی تھی تاکہ پاکستانی ٹیم وہاں میچ نہ کھیل سکے۔ جمعرات کو لاہور میں بھارتی وزیر خارجہ نے اسی سٹیڈیم میں ہونے والے ٹسٹ میچ کے ٹکٹ رکھنے والے ہر پاکستانی کو بھارتی ویزا دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں لاہور میں ایک خصوصی ویزا آفس قائم کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کشمن کی عمارت میں ایک خصوصی کھڑکی قائم کی جائے گی۔ گورنر ہاؤس کے ایک ترجمان کے مطابق یہ بات نٹور سنگھ نے گورنر پنجاب کو ایک ملاقات میں بتائی۔ ترجمان کے مطابق اس موقعہ پربھارتی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مظفر آباد سری نگر بس سروس کے معاہدے کی مخالفت کی ہے حالانکہ یہ منصوبہ بی جے پی کے دور میں ہی بنا تھا اور کانگرس کی حکومت نے ان کےدور کے فیصلے پر عملدرآمد کیا ہے۔ اس سے پہلے بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے جنوبی ایشیا کے صحافیوں کی تنظیم ساؤتھ ایشیئن فری میڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے دیے گئے ایک استقبالیے سے خطاب کرتے ہوۓکہا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کی کوئی مشترکہ کرکٹ ٹیم ہو تو وہ ناقابلِ شکست ہوگی۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام میں خاندانی روابط اور تمدنی رشتے موجود ہیں جنہیں پروان چڑھا کر پاک بھارت تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’بھارت نے یک طرفہ طور پر ویزوں میں نرمی کی ہے اور وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ پاکستانی طلبہ بھارت کے تعلیمی اداروں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اداروں میں تعلیم حاصل کریں۔‘ بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ پاکستان کے تین روزہ دورے کے بعد واپس نئی دہلی پہنچ گئےہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||