’الجھن کی سلجھن‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے ایک نجی نشریاتی ادارے جیو کے پروگرام ’الُجھن کی سلُجھن‘ کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ اسلامی جمیت طلبہ لاہور کے ناظم اسد جمال اکبر نے بی بی سی کو بتایا کہ’یہ مظاہرہ جیو ٹی وی کے ایک پروگرام الجھن کی سلجھن کے خلاف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ایسی بحث کی گئی جس سے بھائی بہن کے مقدس رشتہ پر حرف آیا ہے‘۔ لاہور میں جیو ٹی وی کے بیورو چیف خاور نعیم ہاشمی نے کہا کہ ’جیو ٹی وی نےکبھی بھی فحاشی کو فروغ نہیں دیا انہوں نے کہا کہ اگر کسی بات کو خلاف تہذیب قرار دے کر اس پر بات کرنا جرم ہے تو پھر وہ مجرم ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’جس پر موضوع پر بات کرنے پر خدا یا اس کے رسول نے پابندی لگا رکھی ہو اور وہ جیو ٹی وی پر دکھائی گئی ہو تو پھر تو وہ ذمہ دار ہیں لیکن دوسری صورت میں کسی دوسرے کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ انہیں اسلام سکھانے کی اس طرح کی کوشش کرے‘۔ جیو ٹی وی کے اس پروگرام میں مختلف لوگوں کی نفسیاتی الجھنوں اور معاشرتی مسائل پر بحث کی جاتی ہے اور ماہرین نفسیات و عمرانیات کی رائے کی صورت میں ان کے حل پیش کیے جاتے ہیں۔ جمعہ کی رات دکھائے جانے والے پروگرام میں ایسے انٹرویو دکھائے گئے اور ایسے خط پڑھے گئے جن میں مختلف افراد نے اپنی بہن یا بھائی سے جنسی تعلق کا اعتراف کیا تھا۔ جیو کے بیورو چیف نے کہا کہ’اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی عمائدین نے کل رات کراچی میں جیو کے دفاتر پر حملے اور لاہور میں احتجاجی مظاہروں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے‘۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام درجنوں کارکنوں نے پہلے لاہور میں جنگ گروپ اورجیو کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس کے بعد انہوں نے لاہور کے دیگر اخبارات کے دفاتر کےسامنے بھی احتجاجی مظاہرے کیے۔ انہوں نے ’جیو‘ کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ٹی وی چینل کی نشریات بند کی جائیں۔ وہ نعرے لگا رہے تھے کہ ’جیو کو لگام دو‘ انہوں نے مختلف پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ ’فحاشی بند کرو‘ ، ’حکمرانوں جیو کو لگام دو‘ وغیرہ۔ یہ پروگرام جمعہ کی رات ٹی وی پر دکھایا گیا تھا۔ کل رات ہی کراچی میں جنگ گروپ اور جیو ٹی وی پر نامعلوم افراد نے حملہ بھی کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی لیکن کراچی میں ہونے والی توڑ پھوڑ کے بارے میں جیو کی انتظامیہ نے یہ خیال ظاہر کیا تھا کہ یہ حملہ ان کے چینل پر اسرائیلی وزیراعظم کا انٹرویو نشر کرنے کے باعث کیا گیا ہے۔ لاہور کے مظاہروں کے بارے میں اسلامی جمعیت طلبہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ جیو کے پروگرام ’الجھن کی سلجھن‘ کے خلاف تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||