مبشر زیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 |  فوجی حکام کا تنازعات کو’فلیگ میٹنگز‘ کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق۔ |
پاکستان اور بھارت کے فوجی حکام کے درمیان جمعرات کو پھر رابطہ ہوا ہے جس میں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے اپنے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اور پاکستان کے موقف کو دہرایا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے اُس پار کوئی مارٹر گولے فائر نہیں کیے گئے۔ پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ بہتر ہو گا کہ بھارتی فوج منگل کو ہونے والے فائرنگ کے اس واقعہ کی تحقیقات کرے۔ پاکستانی فوج کے مطابق یہ فائرنگ بھارتی علاقے میں ہوئی اور پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی۔ دونوں ممالک کے فوجی حکام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اس طرح کے معاملات کو ماضی کی طرح مقامی سطح پر ’فلیگ میٹنگز‘ کے ذریعے حل کیا جائے۔ |