غیرملکیوں کیلیے نئی ویزا شرائط | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے جمعرات کو نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے یہ شرط عائد کی ہے کہ آئندہ سے کسی غیر ملکی کو اس کے اپنے ملک کے علاوہ کسی تیسرے ملک سے پاکستان کا ویزا نہیں دیا جائے گا۔ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ انہوں نے نئ ویزا پالیسی میں نئی شرط لگانے کے فیصلے کی وجہ نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو تیسرے ملک سے صرف اسی صورت میں ویزے کا اجرا کیا جائے گا جب اس ملک میں پاکستان کے سفارتخانے کا سربراہ اس کی سفارش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ویزا پالیسی میں غیر ملکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے یہ سہولت رکھی گئی ہےکہ ان کو پاکستان آمد پر تیس دن کا ویزا جاری کیا جائے گا مگر اس کے لیے سرمایہ کار یا تاجر کے پاس اپنے ملک کے چیمبر آف کامرس کا سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہو گا۔ وزیرنے کہا کہ بھارت کے علاوہ دوسرے ممالک میں بسنے والے سکھ مذہب کے پیروکاروں کے لیے لاہور، شیخوپورہ اور راولپنڈی کے لیے ویزے جاری کیے جاسکیں گے تاکہ وہ ننکانہ صاحب اور پنجہ صاحب گوردواروں کی سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آ سکیں۔ آفتاب شیرپاؤ نے یہ نہیں بتایا کہ غیر ملکی صحافیوں پر بھی اس نئ پابندی کا اطلاق ہو گا یا نہیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے سے پاکستانی حکومت غیر ملکی صحافیوں کو ملک بھر کے ویزے کے بجائے صرف چند بڑے شہروں کے ویزے دے رہی ہے۔ غیرملکی طلبا کے پاکستانی تعلیمی اداروں میں داخلے سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ سے ان طلباء کو وہی طریقہ کار اپنانا پڑے گا جو پاکستانی طالبعلم یورپ اور امریکہ کے تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے اپناتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||